کورونا کے باعث کیمبرج سمیت تمام امتحانات 15 جون تک منسوخ کردیے گئے
- منگل 27 / اپریل / 2021
- 7060
وزارت تعلیم نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیمبرج سسٹم سمیت تمام امتحانات 15 جون تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ 18 اپریل کو ہم نے این سی او سی کے آخری اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ امتحانات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا لیکن اس کے بعد سے 27 اپریل تک بیماری میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
ہم شاید ایک ایسی صورتحال کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں ہمیں زیادہ انفیکشن کے حامل علاقوں کا لاک ڈاؤن کرنا پڑے لہٰذا اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے این سی او سی اجلاس میں یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہوں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ آج سے لے کر 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا اور نویں سے 12ویں جماعت کے جن امتحانات کو مئی کے آخر میں شروع ہونا تھا ، انہیں مزید ملتوی کردیا گیا ہے اور 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم حالات کا جائزہ لیتے رہیں گے اور مئی کے وسط یا تیسرے ہفتے میں بیماری کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا کہ ان امتحانات کو اور آگے لے کر جانا ہے یا ان کا آغاز کرنا ہے۔ اگر 15 جون کے بعد امتحانات ہوتے ہیں تو یہ جولائی سے اگست تک طوالت اختیار کر سکتے ہیں۔ او لیول کے امتحان بھی کینسل کر دیے گئے ہیں جو اب اکتوبر نومبر کی سائیکل میں ہوں گے اور اسی طرح اے ایس کے امتحان بھی اب اکتوبر نومبر میں ہوں گے ۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ جو بچے پاکستان کی جامعات میں جانا چاہتے ہیں ان کے لیے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جنوری تک ایڈمیشن ہوتے رہیں تاکہ بچوں کو ایڈمیشن اور یونیورسٹی جانے میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ پیر کے بعد کسی بھی جگہ پر 50 سے زائد لوگ جمع نہیں ہوں گے۔ اس کے لیے ہم نے درخواست کی ہے کہ اسکول کو وینیو بنایا جائے یا موجودہ وینیو میں تعداد کم کر کے 50 تک لائی جائے۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ جہاں بھی امتحان ہوں گے وہاں 50 سے زائد بچے نہیں ہوں گے اور اس کے باہر قانون نافذ کرنے والے ادارے تعینات کیے جائیں گے تاکہ مجمع اکٹھا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشکل وقت ہے اور مشکل وقت میں کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں ہوتا ۔اس لیے یقیناً بہت سارے والدین کو تسلی ہو گی کہ بچے کووڈ-19 کے ان دنوں میں امتحانات نہیں ہوں گے۔
اس سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا پچھلے چند ہفتوں تشویشناک حالت کا شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں سے اکثر وینٹی لیٹر پر ہیں۔ وبا کے آغاز سے اب تک اس طرح کے مریضوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وبا کی تیسری لہر شدت سے موجود ہے اور اس کے نتیجے میں پابندیوں پر موثر طریقے سے عملدرآمد کے سلسلے میں بہت سارے اقدامات کیے گئے ہیں۔ بلکہ گزشتہ روز مردان میں لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا کیونکہ وہاں مثبت کیس کی شرح بہت زیادہ تھی۔
بیماری کی شدت ناصرف زیادہ ہے بلکہ پچھلے کچھ عرصے میں اس میں اضافہ ہوا ہے اور اس کا نظام صحت پر دباؤ زیادہ ہے لہٰذا اس پس منظر میں کچھ فیصلے کیے گئے۔