سپریم جوڈیشل کونسل کا جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ

  • جمعرات 29 / اپریل / 2021
  • 5180

سپریم جوڈیشل کونسل  نے حال ہی میں مقدمہ جیتنے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے صدارتی ریفرنس پر حکم کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی نظرثانی درخواستیں منظور کر لی تھیں۔  باخبر ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں ایس جے سی نے 10 رکنی سپریم کورٹ بینچ کے 26 اپریل کے فیصلے کی روشنی میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جسٹس قاضی فائر عیسیٰ نے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے 19 جون 2020 کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے اپنے حکم میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ کے آف شور اثاثوں کا معاملہ وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) کو بھیجنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

سپریم کورٹ کے حالیہ اکثریتی فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ اور ان کے بچوں کی جائیدادوں سے متعلق ایف بی آر سمیت تمام فورمز کی قانونی کارروائی کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ایف بی آر کی مرتب کردہ رپورٹ سپریم جوڈیشل کونسل سمیت کسی عدالتی فورم پر چیلنج نہیں ہوسکتی۔