پاکستان میں کورونا کے سبب پانچ مئی سے غیر ملکی پروازوں پر پابندی

  • جمعرات 29 / اپریل / 2021
  • 3430

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر  نے  5 سے 20 مئی تک بیرون ملک سے مسافر پروازوں کی پاکستان آمد پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری پریس ریلیز میں فورم کی جانب سے ملک بھر میں 8 سے 16 مئی کے دوران عوام کی نقل و حرکت روکنے کے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ 10 سے 15 مئی تک عید الفطر کی چھٹیاں ہوں گی۔  بیان کے مطابق یومِ علی کرمہ اللہ وجہہ، اعتکاف، شب قدر، جمعتہ الوداع اور نماز عید کے لیے جامع ایس او پیز یکم مئی تک جاری کیے جائیں گے۔

عوام کو گھروں تک محدود رکھنے کی حکمت عملی کے تحت  تمام کاروباری مراکز، دکانیں اور مارکیٹیں بند رکھی جائیں گی۔ اشیائے خورونوش کی دکانیں، میڈیکل اسٹور، میڈیکل سہولیات/ویکسینیشن سینٹر، پھل سبزی اور گوشت کی دکانوں، بیکریز، پیٹرول پمپس، کھانا خریدنے یا گھر پر منگوانے، یوٹیلیٹی سروسز (گیس، بجلی فون) اور میڈیا وغیرہ کو کام کی اجازت ہوگی۔

چاند رات کو بازاروں میں مہندی، جیولری، کپڑوں اور دیگر اشیا کی فروخت پر بھی پابندی ہوگی۔ مقامی اور غیر مقامی افراد کے لیے سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی اور سیاحتی مقامات پبلک پارکس، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس وغیرہ بند رہیں گے۔ سیاحتی مقامات، پکنک کی جگہوں بالخصوص، مری، گلیات، سوات کالام، ساحل سمندر، اور شمالی علاقہ جات سمیت دیگر گھومنے پھرنے کی جگہوں پو جانے والے راستے بند ہوں گے۔

البتہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مقامی افراد کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت ہوگی۔ نجی گاڑیوں، ٹیکسیز، رکشوں میں 50 فیصد مسافروں کو بٹھانے کی اجازت ہوگی اس کے علاوہ بین الصوبائی، اندرونِ شہر اور شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ پر پابندی رہے گی۔ عید کے پیش نظر مسافروں کے حجم کو تقسیم کرنے کے لیے 7 مئی تک اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

قبل ازیں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اقدامات کے لیے این سی او سی کا اجلاس وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں ہوا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں عالمی سطح پر وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے پیشِ نظر پاکستان آنے والی مسافر پروازوں کو 5 سے 20 مئی تک روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

18 مئی 2021 کو ان پابندیوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، اس ضمن میں تفصیلی ہدایات سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) جاری کرے گی۔ اجلاس میں 3 مئی 2021 سے 40 سے 49 سال کی عمر کے افراد کی ویکسینیشن کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

دورانِ اجلاس ملک میں آکسیجن کی پیداوار اور فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا اور 6 ہزار میٹرک ٹن آکسیجن اور 5 ہزار آکسیجن سلینڈرز درآمد کرنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ ملک میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جاسکے۔