ماضی میں پارٹی کے ٹکٹس دینے میں بڑی غلطیاں کیں: عمران خان

  • جمعہ 30 / اپریل / 2021
  • 4300

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ٹکٹس دینے میں بڑی غلطیاں کیں اور اکثر اب اس حوالے سے خیال آتا ہے کہ کسے وزارت دینی چاہیے تھی اور کسے ٹکٹس دینے چاہیے تھے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورہ پر گلگت میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے لیے 370 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔ گلگت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قرضوں کی قسطیں دینے کی وجہ سے وسائل بہت کم ہوجاتے ہیں اور ہر جگہ سے پیسوں کا مطالبہ ہے تاہم گلگت بلتستان کے لیے اس طرح کا پیکج ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گلگت دیکھنے کے بعد دنیا کے دیگر خوبصورت علاقوں میں گیا تو اس چیز کا فخر ہوتا تھا کہ پاکستان میں ایسا علاقہ ہے جس کا مقابلہ دنیا میں کوئی نہیں کرسکتا تھا۔ بیرون ملک سے جب اپنے دوستوں کو پاکستان کا یہ حصہ دکھایا تو انہوں نے بھی کہا کہ اس سے خوبصورت دنیا میں کوئی علاقہ نہیں۔ اسی لیے میں نے اس علاقے کی مدد کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت آئی تو ہم نے اس خطے کو اوپر لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہاں فوڈ پراسیسنگ کی بہت گنجائش ہے تاہم اصل میں یہاں سیاحت کے فروغ کے بہت زیادہ مواقع ہیں۔ سوئٹزرلینڈ ہمارے گلگت بلتستان سے آدھا ہے اور وہ صرف سیاحت سے 60 سے 80 ارب ڈالر کماتا ہے۔ ہم بھی اس خطے کو ترقی دیں تو ملک اور قوم دونوں کا فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پارٹی کے ٹکٹس دینے میں بڑی بڑی غلطیاں کی ہیں اور اب اس بارے میں اکثر سوچتا ہوں۔ تاہم اللہ کا شکر ہے کہ خالد خورشید کو آپ کا وزیر اعلٰی بنانے کا میرا فیصلہ بالکل درست تھا۔ خالد خورشید میں ایک جنون ہے کہ کیسے یہ اپنے علاقے کو بہتر کرے، جب یہ ہمارے پاس پروپوزل لے کر آتے ہیں تو ہم ان کی پوری مدد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 370 ارب روپے کی شروعات ہوگئی ہے اور ہم آگے مزید اور مدد کریں گے۔