مغربی بنگال میں بی جے پی ناکام رہی، ممتا بینر جی کی پارٹی جیت گئی

  • سوموار 03 / مئ / 2021
  • 6000

بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں دو مرتبہ وزیرِ اعلیٰ رہنے والی ممتا بنرجی کی جماعت آل انڈیا ترنمول کانگریس نے ریاست کے انتخابات میں مرکزی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی  کو شکست دی ہے۔

یوں ریاست کی وزیر اعلی ممتا بینرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس نے مغربی بنگال میں جیت کی ہیٹرک مکمل کی ہے اور پہلے سے زیادہ مضبوط پوزیشن میں سامنے آئی ہے۔ دوسری جانب بی جے پی نے بھی مغربی بنگال میں اپنے قدم جمائے ہیں اور یہ سب کانگریس اور کمیونسٹ پارٹیوں کی قیمت پر ممکن ہو سکا ہے، جنہیں ریاست میں کوئی سیٹ نہ مل سکی۔

ملک کے الیکشن کمیشن کے مطابق ممتا بینرجی کی پارٹی آل انڈیا ترنمول کانگریس کو 292 میں سے 210 نشستوں پر کامیابی ملی ہے جبکہ تین پر وہ آگے ہے دوسری جانب بی جے پی نے 76 سیٹیں جیتی ہیں اور ایک پر وہ آگے ہے۔ ممتا بنرجی نندی گرام سے اپنا الیکشن ہار گئی ہیں۔ البتہ ان کی جماعت ریاست میں تن تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

ممتا بنر جی چھ ماہ کے اندر ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرکے دوبارہ وزارتِ اعلٰی کا منصب حاصل کر سکتی ہیں۔ تاہم اگر وہ ناکام رہیں تو اُنہیں یہ عہدہ چھوڑنا پڑے گا۔ مغربی بنگال کی 292 رکنی اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے 147 نشستیں درکار ہیں اور ممتا کی جماعت (ٹی ایم سی) نے 213 نشستیں حاصل کر کے میدان مار لیا ہے جب کہ ان کے مدِ مقابل بھارتی جنتا پارٹی 77 نشستیں حاصل کر سکی ہے۔

ممتا کی جماعت نے ریاست میں جیت کی ہیٹ ٹرک بنائی ہے اور وہ اس وقت بھارت میں واحد خاتون وزیر اعلیٰ ہیں جو تیسری بار وزیرِ اعلیٰ بن سکتی ہیں۔

ممتا بنرجی جنوری 1955 میں کلکتہ کے ہندو بنگالی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کلکتہ یونیورسٹی سے اسلامی تاریخ میں ماسٹر کیا۔ اس کے علاوہ انہیں کلنگا یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ اور کلکتہ یونیورسٹی سے ڈی لٹ کی ڈگری دی گئی ہے۔ ممتا نے 15 سال کی عمر میں سیاسی سفر کا آغاز کیا اور 'چھاترا پریشد یونین' کے نام سے کانگریس پارٹی کا اسٹوڈنٹ ونگ قائم کیا۔

1976 سے 1980 تک ممتا بنرجی کانگریس پارٹی کی خواتین ونگ کی جنرل سیکریٹری رہیں، جس کے بعد 1984 میں انہوں نے سی پی ایم کے رہنما سومناتھ چٹرجی کو شکست دی اور سب سے کم عمر رکن پارلیمنٹ بنیں۔ وہ 1991، 1996، 1998، 1999، 2004، 2009 میں کلکتہ ساؤتھ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئیں۔

انہوں نے 1991 میں کابینہ میں اس وقت قدم رکھا جب کانگریس کے پی وی نرسمہا راؤ کی حکومت تھی۔ تاہم انہوں نے 1997 میں کانگریس کو خیر باد کہتے ہوئے مکل رائے کے ساتھ 'ترنمول کانگریس' نامی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی۔  واضح رہے کہ مکل رائے اِس وقت بی جے پی میں ہیں۔

ممتا بنرجی نے 1999 میں بی جے پی کی قیادت میں قائم ہونے والے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) میں شمولیت اختیار کی۔ انہیں ریلوے اور سیاحت کا وزیر بنایا گیا۔ 2000 میں انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کابینہ سے استعفیٰ دیا۔

ممتا بنرجی کی جماعت نے 2011 میں مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور وہ ریاست کی وزیرِ اعلیٰ بن گئیں۔ ٹی ایم سی نے 2016 کے اسمبلی انتخابات میں پھر کامیابی حاصل کی اور وہ دوسری بار وزیرِ اعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئیں۔

ممتا بنرجی کو سادگی پسند تصور کیا جاتا ہے۔ وہ وزیرِ اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ کے بجائے جنوبی کلکتہ کے ہریش چٹرجی اسٹریٹ پر واقع دو کمرے کے مکان میں رہتی ہیں۔