اسٹیبلشمنٹ کا کردار ختم ہونے تک انتخابات متنازع رہیں گے: بلاول

  • سوموار 03 / مئ / 2021
  • 4140

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں اور اگر انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کا فعال کردار ہے تو پھر ہم چاہے جتنی بھی قانون سازی کر لیں، انتخابات متنازع رہیں گے۔

کراچی میں بے نظیر مزدور کارڈ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مزدور تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ہوں یا پھر گھروں میں کام کررہے ہوں، اگر آپ مزدور کارڈ میں رجسٹر ہوں گے تو ان کو بے نظیر مزدور کارڈ ملے گا اور وہ انہی سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے جو صنعتی مزدوروں تک محدود رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر مزدور کارڈ ایک انقلابی قدم ہے اور پورے پاکستان میں مزدوروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور لیبر پالیسی کے سلسلے میں بہت بڑا قدم اٹھایا گیا ہے اور ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ ہمارے نظریے اور منشور کے مطابق جب مزدور خوشحال ہو گا تو ہی ہماری صنعت اور معیشت خوشحال ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی کا ورکرز ویلفیئر فنڈز کے اختیارات کی منتقلی کو 18ویں ترمیم کے مطابق 2015 تک منتقل ہو جانا چاہیے تھے لیکن یہ نہیں ہوا، لہٰذا ہم مطالبہ دہراتے ہیں کہ ای او بی آئی ورکرز ویلفیئر فنڈز کے اختیارات فی الفور صوبے کو دیے جائیں تاکہ صوبے اپنے مزدوروں کے لیے زیادہ کام کر سکیں۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے مزدوروں کی رجسٹریشن کے عمل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت نادرا کے دفاتر میں کاؤنٹر موجود ہیں لیکن تعداد بڑھنے کے بعد بڑی صنعتوں میں بھی کاؤنٹر بنائیں گے تاکہ وہاں کے مزدور بھی خود کو رجسٹر کرا سکیں۔