آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات
- جمعہ 07 / مئ / 2021
- 3640
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے۔
سعودی عرب کے دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
بیان کے مطابق دورانِ ملاقات افغان امن عمل میں حالیہ پیش رفت، دو طرفہ دفاع، سیکیورٹی، علاقائی امن اور رابطوں کے لیے تعاون کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے پختہ عزم رکھتا ہے۔ سعودی ولی عہد نے علاقائی سالمیت اور استحکام میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں اور دونوں ممالک امن استحکام اور امتِ مسلمہ کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادار کرتے رہیں گے۔ خیال رہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ 4 مئی کو سعودی عرب کے دورے پر پہنچے تھے جبکہ وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
سعودی قیادت کے ساتھ وزیر اعظم کی مشاورت میں دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا جس میں معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، پاکستانی افرادی قوت کے لیے ملازمت کے مواقع اور مملکت میں پاکستانی آبادی کی فلاح و بہبود شامل ہیں۔