یو اے ای کا پاکستان سمیت 4 ممالک پر سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان

  • سوموار 10 / مئ / 2021
  • 5050

متحدہ عرب امارات  نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 12 مئی سے بنگلہ دیش، پاکستان، نیپال اور سری لنکا پر سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ملک کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مذکور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پابندی کے دوران متحدہ عرب امارات سے بنگلہ دیش، پاکستان، نیپال اور سری لنکا کے لیے مسافروں کی منتقلی کی اجازت ہوگی۔

اس فیصلے میں مسافروں کے داخلے کی معطلی میں توسیع بھی شامل ہے جو متحدہ عرب امارات سے قبل 14 دن کے لیے ان چاروں ممالک میں تھے۔ پابندی میں ان ممالک سے آنے والی ٹرانزٹ پروازیں بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے شہریوں سمیت چاروں ممالک کے منظور شدہ سفارتی مشن پر آنے والے افراد، سرکاری وفود، کاروباری طیاروں میں سفر کرنے والے افراد، اور گولڈن رہائشی ہولڈرز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ تاہم یہ افراد احتیاطی تدابیر سے مشروط ہوں گے جس میں 10 روزہ قرنطینہ اور پی سی آر ٹیسٹ شامل ہے۔

متحدہ عرب امارات نے گزشتہ ماہ بھارت سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل متعدد ممالک نے بھارت سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی تھی جہاں کورونا سے یومیہ لاکھوں کیسز اور ہزاروں اموات کی اطلاعات ہیں۔

فلپائن، اٹلی، یو اے ای اور آسٹریلیا نے بھارتی مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔ آسٹریلیا نے یہ بھی خبردار کیا کہ جن لوگوں نے سفری پابندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی، انہیں جیل اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کینیڈا، برطانیہ اور ایران سمیت دیگر ممالک نے بھارت اور پاکستان، دونوں ممالک کے سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں 3 لاکھ 66 ہزار 161 نئے کیسز اور 3 ہزار 754 اموات ہوچکی ہیں۔