فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کے تازہ حملے، مزید درجنوں زخمی

  • سوموار 10 / مئ / 2021
  • 3480

فلسطین ریڈ کریسنٹ کے مطابق بیت المقدس میں مسجد اقصٰی کے قریب ایک مرتبہ پھر اسرائیلی فورسز کی پُر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ہلال احمر نے صحافیوں کو ایک مختصر بیان میں کہا کہ حملوں میں سیکڑوں افراد زخمی ہیں اور ان میں سے 50 کو علاج کےلیے ہسپتال داخل کرایا گیا ہے۔  اسرائیل کی جانب سے مشرقی بیت المقدس پر قبضے کا سالانہ جشن 'یومِ یروشلم' منانے پر قبل ہی علاقے میں کشیدگی جاری تھی۔

اسرائیل نے 1967 میں جنگ کے ذریعے مشرقی بیت المقدس اور اولڈ سٹی پر قبضہ کرلیا تھا جو یہودیوں اور مسیحیوں کے لیے مقدس مقامات ہیں۔  ماہِ رمضان میں اسلام کا تیسرا مقدس ترین مقام مسجد اقصیٰ تشدد کا مرکز بنا ہوا ہے۔

تناؤ کو دور کرنے کی کوشش میں اسرائیلی پولیس نے کہا کہ انہوں نے یہودی گروپوں پر یوم یروشلم کے موقع پر بیت المقدس کے مقدس پلازہ کے دورے پر آنے کی پابندی عائد کردی ہے۔  علاوہ ازیں اسرائیلی پولیس کی جانب سے یوم یروشلم پر منعقد ہونے والے مارچ کا معین راستہ بھی تبدیل کردیا جائے گا جس میں ہزاروں یہودی نوجوان پرچم لہراتے ہوئے اولڈ سٹی کے دمشق گیٹ اور مسلم کوارٹر سے گزرتے ہیں۔

براہ راست ویڈیو میں دکھایا گیا کہ فلسطینی اور اسرائیلی پولیس کے مابین جھڑپیں ہوئی اور اسرائیلی پولیس نے نہتے فلسطینوں پر اسٹین گرینیڈ استعمال کیے۔  تاہم یہ جھڑپیں گزشتہ ہفتے کے آخر میں ہونے والے پرتشدد واقعات کے مقابلے میں کم تھیں۔  تازہ جھڑپوں میں ہلاکتوں کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ  امن قائم رکھنے کے لیے ہزاروں اسرائیلی افسران کو یروشلم کی گلیوں اور چھتوں پر تعینات کیا ہے۔  مشرقی بیت المقدس میں شیخ جرح کے پڑوس سے متعدد فلسطینی خاندانوں کو منصوبہ بندی کے تحت بے دخل کیے جانے پر بھی جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔