کورونا کی ایسی اقسام سامنے آ سکتی ہیں جن پر ویکسین مؤثر نہیں ہو گی: ماہرین
- سوموار 10 / مئ / 2021
- 5670
ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا کی بعض ایسی اقسام بھی سامنے آ سکتی ہیں جن کے خلاف ویکسین مؤثر نہیں ہو گی۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ویکسین لگوانے کے بعد بھی کچھ افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس دوران وائرس کی سامنے آنے والی نئی اقسام کے جائزے کی بھی ضرورت ہے۔ امریکہ کے جانز ہاپکنز سینٹر فار ہیلتھ سیکیورٹی کی سینئر اسکالر جی جی گرونوَل کا کہنا ہے کہ "اس دنیا میں کوئی بھی چیز 100 فی صد نہیں ہے۔"
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ کورونا وائرس کے مزید ویرینٹ (قسم) سامنے آ سکتے ہیں جس کے پھیلاؤ پر ویکسین کے ذریعے قابو نہیں پایا جا سکے گا، لہذٰا اس معاملے پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
اس دوران متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پیر کو اماراتی حکام کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مذکورہ پابندی پر عمل درآمد بدھ سے ہو گا اماراتی شہریوں، سفارتی عملے، سرکاری وفود کو اس پابندی سے استثنٰی حاصل ہو گا۔
البتہ، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال جانے والی ٹرانژٹ فلائٹس کو متحدہ امارات اُترنے کی اجازت ہو گی جب کہ متحدہ عرب امارات سے بھی ان ممالک کے مسافروں کو اپنے اپنے ممالک جانے کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔