پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے

  • منگل 11 / مئ / 2021
  • 4650

سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ریاض کی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی ملک واپسی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔

ٹوئٹر پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سعودی عرب کی جیلوں میں موجود 2 ہزار 107 پاکستانی قیدیوں کی ملک میں منتقلی سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔  زلفی بخاری، وزیر اعظم عمران خان کے سرکاری دورے پر ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی نے معاہدے کی مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر بتایا کہ معاہدے پر دستخط ہونے سے سعودی قیادت کے 2019 میں کیے گئے ایک وعدے پر کام تیز ہوگا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فروری 2019 میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا  اور2107 پاکستانی قیدیوں کو فوری طور پر سعودی عرب کی جیلوں سے رہا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

اکتوبر 2019 میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے ایک عہدیدار نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ انسانی وسائل کی ترقی کو مطلع کیا تھا کہ شاہی قانون سازی کے تحت سعودی عرب نے 579 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا ہے۔