ملک بھر میں 17 مئی سے تمام مارکیٹیں، دکانیں کھولنے کی اجازت

  • ہفتہ 15 / مئ / 2021
  • 5900

پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ 16 مئی اور تمام مارکیٹیں اور دکانیں 17 مئی سے کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

وفاقی منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور قومی کوآرڈینیٹر لیفٹننٹ جنرل حمود الزمان خان کی زیر صدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں عید کی چھٹیوں کے دوران معیاری طریقہ کار  پر عملدرآمد کا جائزہ اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں بالخصوص عوام کے تعاون کو سراہا۔

اجلاس میں  فیصلہ کیا گیا ہے تمام بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ 17 مئی کے بجائے 16 مئی  سے بحال کردی جائے گی، تاہم یہ ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی۔ ریلوے آپریشن 70 فیصد مسافروں کے ساتھ برقرار رہے گا۔ سترہ  مئی سے تمام مارکیٹیں اور دکانیں رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

دفاتر میں معمول کے اوقات 17 مئی سے بحال ہوجائیں گے تاہم 50 فیصد عملے کے گھروں سے کام کرنے کی شرط برقرار رہے گی۔ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے این سی او سی کا اجلاس دوبارہ 19 مئی کو ہوگا۔

این سی او سی نے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مسلسل مانیٹرنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام سے ان ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھنے کی اپیل کی۔ فورم نے عوام پر زور دیا کہ وہ ویکسی نیشن کے لیے مراکز پر آنے سے قبل 1166 پر رجسٹریشن کرائیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران تفریحی مقامات بشمول پبلک پارکس، پکنک پوائنٹس، سیاحتی مقامات، ساحلِ سمندر وغیرہ بند رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تمام بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ جبکہ مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے پر بھی پابندی تھی، جس کے باعث کورونا کے پھیلاؤ میں کمی دیکھی جارہی ہے۔