اسرائیلی مظالم رکوانے کے لئے اقدامات کئے جائیں: وزیر خارجہ
- اتوار 16 / مئ / 2021
- 4860
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی مظالم رکوانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی جائیں اور غزہ میں جاری بمباری کو فی الفور روکا جائے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے ورچوئل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کا قیام مسئلہ فلسطین کی وجہ سے عمل میں آیا تھا لہٰذا ضرورت کی اس گھڑی میں امت مسلمہ کو اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی اور ان کی حمایت کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔
خیال رہے کہ پیر کے روز سے غزہ کی محصور پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 42 بچوں سمیت 153 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے اپنے دفاع سے محروم فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے رحمانہ اور بلاامتیاز استعمال، عالمی انسانی و بنیادی حقوق سمیت عالمی قوانین اور اصولوں کی سنگین اور کھلی خلاف ورزی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کے نصب العین کی حمایت اپنے قیام سے ہی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک واضح اور نمایاں اصول رہا ہے۔ فلسطینیوں کے خلاف منظم جرائم کی مذمت کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔ اسرائیلی فوج کی کارروائیوں، اس کی نوآبادیاتی پالیسیز، جارحیت، محاصرے اور اجتماعی آبادی کو سزا دینے کی ظالمانہ روش کی بنا پر مقبوضہ فلسطین کی بگڑتی صورت حال ناقابل برداشت ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حالیہ اسرائیلی جارحیت کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اس سے آنکھیں چرائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے جرات اور بہادری سے اپنے جائز حقوق کا دفاع کرنے والے فلسطین کے عوام اور حکومت کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔