آئین، قانون کی پاسداری غداری ہے تو ہم یہ غداری بار بار کریں گے: مریم نواز
- اتوار 16 / مئ / 2021
- 5840
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ آئین اور حق کی بات سے ڈر لگتا ہے تو غداری اور فتوےلگائے جاتے ہیں۔ اگر آئین کی سربلندی اور قانونی کی پاسداری غداری ہے تو یہ غداری ہم بار بار کریں گے۔
شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے زیر حراست رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے گھر آمد کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جس نے آئین، پاکستان کے قانون اور حق کی بات کی اور وہ غدار کہلایا تو یاد رکھو پورا پاکستان غدار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غداری کا لقب جاوید لطیف کو نہیں دیا گیا بلکہ شیخوپورہ کے عوام کو غداری کا لقب دیا گیا ہے اور یہ غداری غداری کھیلنا بہت سال سے سنتے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب حق، آئین اور قانون، سچائی، بہادری سے ڈر لگتا ہے تو بیگ کھلتا ہے اور اس سے غداری کا لقب نکل آتا ہے۔ کبھی مذہب کا فتویٰ نکل آتا ہے اور کبھی اس سے چور اور ڈاکو کا لقب نکل آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ والوں کا سر فخر بلند ہونا چاہیے کہ نوازشریف کے شیر، پاکستان اور شیخوپورہ دھرتی کے بیٹے جاوید لطیف نے حق بات پر ڈٹ کر نہ صرف نواز شریف اور شیخوپورہ بلکہ پاکستان کی مٹی کاحق ادا کردیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اب وقت بدل گیا ہے، اگر غدار ہونا جرم ہے تو انہوں نے غداری کا لقب محترمہ فاطمہ جناح کو دیا تھا، غداری کا لقب نوازشریف اور مریم نواز کے حصے میں بھی آیا تھا۔ اگر حق کو حق کہنا، سچ کو سچ کہنا، آئین کی سربلندی، اداروں کی سربلندی کرنا، قانون کی پاسداری کرنا غداری ہے تو ہم یہ غداری بار بار کریں گے۔
جن لوگوں کی غداری کے فتوے بانٹنے کی فیکٹری کھولی ہے انہیں خبر ہو کہ 22 کروڑ عوام جان چکے ہیں کہ جب تم ڈرتے ہو، ہار جاتے ہو اور آئین کی سربلندی کی بات نہیں سن سکتے ہو تو غداری کا سرٹیفیکیٹ دیتے ہو۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اب ڈرنا چھوڑ دیا ہے، جو لوگ پہلے ڈر کر چپ کر جاتے تھے، آج جاوید لطیف کی طرح جب پتہ ہو کہ حق اور سچ کی پاداش میں گرفتار کرلیا جائے گا پھر بھی حق اور سچ کا ساتھ دیں تو اس سے بڑی بہادری نہیں ہوسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ جن لوگوں کو انہوں نے محنت کرکے غدار کہا پاکستان کے 22 کروڑ عوام نے ان کو اپنا ہیرو بنایا۔ نواز شریف کو کون غدار کہتا تھا، کون سا الزام ہے جو انہوں نے نواز شریف پر نہیں لگایا۔ نواز شریف لندن میں بیٹھا ہے اور پاکستان کے کونے کونے سے اس کے حق میں فیصلے آرہے ہیں، جس کو آپ نے چور، ڈاکو، غدار کہا اور فتوے لگائے آج اس کا بیانیہ پاکستان میں پھیل گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غدار اس کو کہتے ہیں جو امریکا میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا کرے، کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈال کر، کشمیریوں کا سودا کرکے منہ لٹکا کر پاکستان واپس آئے۔ غدار وہ ہے جو دوسرے ملکوں میں بیٹھ کر چھپ چھپ کر کشمیر کوبیچنے اور اس کا سودا کرنے کامنصوبہ بنا رہا ہو۔ غدار وہ ہے جو ملک و قوم کے ساتھ دھوکا کرے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی زندگیوں سے کھیلے، ان کو آفیشلی بھکاری بنا دے اور امداد لینے کے قابل بنا دے۔
انہوں نے کہا کہ جب عمران خان جب بھارت کی سرزمین پر بیٹھ کر اپنی فوج اور آئی ایس آئی کے خلاف بات کرتا ہے تو اس کو غداری کہتےہیں۔ جب آپ 2018 کے الیکشن میں آر ٹی ایس بیٹھا کر ایک سلیکٹڈ کو 22 کروڑ کے سروں پر مسلط کرتے ہیں تو اس کو غداری کہتے ہیں۔ جب آپ زبردستی، دھونس، دھاندلی، ڈرا اور دھما کر میڈیا کو زنجیروں میں قید کرتے ہو تو اس کو غداری کہتے ہیں۔
جب آپ ججوں کو اس لیے متنازع بنانے کی کوشش کرتے ہو کہ آپ سچ بات بولنے والے جج کو برداشت نہیں کرسکتے، جب جج سچ بولیں گے اور آئین اور قانون کے ساتھ کھڑے ہوں گے تو عمران خان کا نام لیوا کوئی نہیں ہوگا۔ جب تم نے نواز شریف کے خلاف مذہبی جماعتوں کو فیض آباد میں دھرنے کروائے تھے اور اس وقت تم نے نواز شریف کے خلاف ان کو استعمال کیا تھا اور ان کے ساتھ مل کر نعرے لگا رہے تھے، نواز شریف، احسن اقبال اور خواجہ آصف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ جب تمہاری حکومت آئی تو تم نے مسجدوں میں گھس کر انہیں شہید کیا اور ان پر پابندی لگائی، پاکستانی بھائیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو مسجدوں میں اکٹھا کیا گیا اور پولیس والوں کو شہید ہونے کے لیے سڑکوں پر چھوڑ دیا، اس کو غداری کہتے ہیں۔
ان مجھے خوشی ہے کہ نواز شریف نے جو بیانیہ دیا تھا اور جن حقائق کو بیان کیا تھا، نواز شریف کے مخالفین اور دشمنوں نے بالکل وہی بات کرکے نواز شریف کے بیانیے پر مہر تصدیق ثبت کردی۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ان کی حکومت کی کشتی ڈانوا ڈول ہے تو اس کو بچانے کے لیے، آج کشمیر کا سودا ہو رہا ہے۔ آج اسرائیل نے فلسطین کے اوپر ظلم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں، آج ایک ٹوئٹ کرکے سمجھتے ہو کہ تم نے فلسطینیوں کے خون کا حق ادا کیا۔ قوم وہ وقت بھولی نہیں جب تم گولڈ اسمتھ کی مہم چلا رہے تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام اس بات کی تسلی رکھیں کہ صبح طلوع ہونے کو ہے، نواز شریف کا سورج ایک بار پھر طلوع ہونے کو ہے۔ غداری کے فتوے دینے والوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اگر جاوید لطیف جیسے محب وطن لوگوں کو غدار کہو گے تو تمہارا یوم حساب قریب ہے، عوام کے فیصلے عوام پر چھوڑ دو۔ عوام اور ان کی قیادت کے درمیان سے ہٹ جاؤ۔