اسرائیل فلسطینیوں پر حملے بند کرے: سلامتی کونسل کی درخواست
- سوموار 17 / مئ / 2021
- 4470
فلسطین کی صورتحال پر بلائے گئے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں شریک تمام اراکین نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی اور علاقائی تبدیلیاں نہ کرے اور دشمنی کو فوری طور پر ختم کرے۔
سلامتی کونسل کے اراکین نے فلسطینیوں کے لیے بین الاقوامی تسلیم شدہ سرحد کے ساتھ آزاد ریاست والے 2 ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ مئی کے مہینے کے لیے کونسل کی تبدیل ہونے والی صدارت کے حامل ملک چین کے وزیر خارجہ وینگ یی نے کہا کہ جو کچھ ہوا اس نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ 2 ریاستی حل کی بنیاد پر ہی ایک پائیدار تصفیہ کیا جاسکتا ہے۔
تمام اراکین نے حماس پر اسرائیل پر راکٹ حملے فوری روکنے کے لیے زور دیا اور دونوں فریقین کو یہ بآور کروایا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں۔ یہ رواں ہفتے فلسطین پر ہونے والا سلامتی کونسل کا تیسرا اجلاس تھا۔ اس سے قبل بدھ کے اجلاس میں امریکا نے کونسل کو بیان جاری کرنے سے روک دیا تھا جس میں غزہ کی حالیہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا تھا اور دشمنی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
سلامتی کونسل کے اتوار کے روز ہونے والے اجلاس کی سربراہی وینگ یی نے کی جس کے دوران خطے میں جاری تنازع مکمل جنگ کی شکل اختیار کرنے کے امکان کے بڑھتے ہوئے خطرات سامنے آئے۔ چینی عہدیدار نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے کاندھے پر بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ کی بنیادی ذمہ داری عائد ہوتی ہے لیکن افسوس کہ صرف ایک ملک رکاوٹ بنا ہؤا ہے۔
اجلاس میں اقوامِ متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے خبردار کیا کہ حالیہ پُرتشدد کارروائیاں صرف موت، تباہی اور مایوسی کے چکروں کو دوام بخشیں گی اور مایوسی، بقائے باہمی اور امن کی اُمید کا افق مزید دور کردیتی ہے۔ تمام فریقین سے امن کے مطالبے پر دھیان دینے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لڑائی لازمی رکنی چاہیے اسے فوری طور پر رکنا چاہیے۔