غزہ پر شدید اسرائیلی بمباری، مواصلات کو شدید نقصان

  • سوموار 17 / مئ / 2021
  • 4730

اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں نئے حملے کئے ہیں۔ شدید بمباری میں ہسپتالوں تک جانے والی تمام سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس  کے مطابق مسلسل 10 منٹ تک جاری رہنے والے فضائی حملوں سے غزہ شہر شمال سے جنوب تک لرز اٹھا۔  تازہ اسرائیلی حملے گزشتہ ہفتے ہونے والے حملوں کے مقابلے میں زیادہ خطرناک اور وسیع پیمانے پر کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹے قبل ہونے والے حملے، جس میں 42 فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے، کے مقابلے میں آج ہونے والے حملے زیادہ خطرناک تھے۔  غزہ کی پٹی میں ہفتے بھر سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 58 بچے اور 34 خواتین سمیت 201 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے غزہ میں حماس کے 9 کمانڈروں کے گھروں پر حملے کیے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے تازہ ترین حملوں میں مرکزی ساحلی سڑک، سیکیورٹی کمپاؤنڈز اور کھلی جگہوں کو نشانہ بنایا گیا۔  بجلی کی تقسیم کار کمپنی نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملوں سے غزہ کے بجلی گھر سے جنوبی غزہ شہر کے بڑے حصوں تک بجلی فراہم کرنے والی ایک لائن کو نقصان پہنچا ہے۔

اتوار کو ٹیلی ویژن خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل کے حملے 'پوری قوت' سے جاری ہیں اور جب تک ضرورت پڑی حملے جاری رہیں گے۔  اسرائیل حماس سے 'بھاری قیمت وصول کرنا چاہتا ہے'۔

دوسری جانب اتوار کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اسرائیل کی پرتشدد کارروائیوں سے متعلق تبادلہ خیال ہوا لیکن معاملے پر عدم اتفاق کے نتیجے میں مشترکہ بیان جاری نہیں ہوسکا۔