حکومت اور ترین گروپ کے درمیان رابطہ
- جمعرات 20 / مئ / 2021
- 4370
حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ سینئر پارٹی رہنماؤں اور وزرا نےترین گروپ سےرابطہ کیا ہے۔
ان رابطوں میں ترین گروپ نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے ترین گروپ سے درخواست کی ہے کہ بجٹ سیشن کا بائیکاٹ مت کریں۔ حکومت اور ترین گروپ کے درمیان جلد ملاقات بھی متوقع ہے۔
ترین گروپ کا کہنا ہے کہ عمران خان کےساتھ کھڑے ہیں لیکن ان کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ ان رابطوں میں ترین گروپ نے بجٹ سیشن میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ مزید معاملات ملاقات میں طے کیے جائیں گے۔
حکومتی ذرائع نے ترین گروپ سے کہا کہ پنجاب حکومت سےمتعلق آپ کے تحفظات دور کریں گے۔ اس دوران پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے لئے 6 رکنی وفد تشکیل دے دیا ہے۔ وفد کل وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کے وفد میں صوبائی وزیر اجمل چیمہ، نعمان لنگڑیال شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مشیر عبدالحئی دستی، ایم پی اے نذیر چوہان بھی وفد میں شامل ہوں گے۔
جہانگیر ترین گروپ کا وفد وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنےتحفظات سے آگاہ کرے گا۔ جہانگیر ترین گروپ کو آج وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی دعوت دی گئی تھی۔