پاکستان میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار سے بڑھ گئی
- جمعہ 21 / مئ / 2021
- 4100
پاکستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بیس ہزار افراد سے تجاوز کر گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کل سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری سطح پر عالمی وبا کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 3 ہزار 70 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید 102 افراد انتقال کر گئے۔ ملک میں 20 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کی تشخیص کے لیے 51 ہزار 528 ٹیسٹ کیے گے جس میں کیسز کے مثبت آنے کی شرح 5.95 فیصد رہی اور فعال کیسز 63 ہزار 229 ہو گئے۔
پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 93 ہزار 461 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 20 ہزار 89 افراد ہلاک ہوئے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو ہوئی تھی، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ اب تک وائرس کی 3 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔