نیب 23 سال میں بدعنوانی پر قابو نہیں پاسکا: وزیراعظم
- جمعہ 21 / مئ / 2021
- 3530
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو 23 سال سے قائم ہے لیکن بدعنوانی پر قابو نہیں پاسکا۔ کیوں کہ ہم چھوٹے لوگوں کو پکڑتے ہیں، جب اوپر کے لوگوں کو گرفت میں لایا جائے تو کرپشن کم ہوگی۔
اسلام آباد سے ورچوئلی کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ-2 (کے-2) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین سے سیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح انہوں نے بدعنوانی کے خلاف جہاد کیا اور ظاہر کیا کہ کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک خاص کر اوپر کی سطح کی بدعنوانی ختم نہ کی جائے، طاقتور کو قانون کے نیچے نہ لایا جائے۔ وزیراعظم نے چینی سفارت کار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 400 وزارتی سطح کے افراد کو بد عنوانی پر سزائیں دی ہیں، یہ بہت اہم ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ 11 سو میگا واٹ کا نیوکلیئر پاور پلانٹ نہ صرف بجلی پیدا کرے گا بلکہ 'کلین انرجی' پیدا کرے گا۔ یہ ہمارے لیے اس وجہ سے انتہائی اہم ہے کہ ہمارا ملک دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، پاکستان سمیت 10 ممالک کو گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ خطرہ ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے گلیشیئرز پاکستان کے دریاؤں کا 80 فیصد پانی فراہم کرتے ہیں۔
تاہم جس تیزی سے عالمی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور گلیشیئرز پگھل رہے ہیں تو ہمیں خطرہ یہ ہے کہ اگر ہم نے اسے نہ روکا تو ہماری آنے والی نسلوں کو پانی کا بہت بڑا مسئلہ درپیش ہوگا کیوں کہ ہمارا ملک، ہماری زراعت، فوڈ سیکیورٹی دریا کے پانی پر انحصار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں پہلے ہماری توجہ مواصلات پر تھی اور اس میں دیگر شعبوں پر توسیع جاری ہے جس میں خصوصاً اقتصادی زونز، زراعت شامل ہے جس سے ہم سبق حاصل کرسکتے ہیں۔