جہانگیر ترین گروپ کے نقطہ نظر میں بڑا وزن ہے: فواد چوہدری

  • ہفتہ 22 / مئ / 2021
  • 6270

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے گروپ میں شامل اراکین اسمبلی کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کے نقطہ نظر میں بھی بڑا وزن ہے۔

لاہور میں جہانگیرترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال کے ظہرانہ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جس طرح جہانگیر ترین گروپ نے وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں تحریک انصاف پر فخر ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہی وہ بنیادی نقطہ ہے جس پر سب ایک جگہ جمع ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کبھی کسی مسئلے پر بات چیت ہوجاتی ہے تاہم بڑے معاملے میں تمام لوگ متفق ہیں کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور تحریک انصاف ہماری جماعت ہے۔  فواد چوہدری نے جہانگیر ترین کے حوالے سے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ نہ تو جہانگیر ترین کو یہ توقع ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ان کے لیے غیرقانونی سفارش کریں گے اور نہ ہی عمران خان کا مزاج ہے۔ علی ظفر پر مشتمل کمیٹی اس معاملے کی چھان بین کررہی اور اس کی رپورٹ ہمیں اور جہانگیر ترین گروپ کو بھی انتظار ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں اور اس گروپ کو بھی رپورٹ پر اعتبار ہوگا۔  وہ رپورٹ پارٹی کی داخلی لائن طے کرے گی جبکہ جہانگیر ترین کے عدالتی معاملات پر کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ساتھ سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس طرح ایک پارٹی کو کرنا چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے فصیلہ کیا ہے کہ ذاتی یا اجتماعی مسائل کو بیٹھ کر بات کریں گے اور عمران خان کی قیادت میں ایک جگہ جمع ہیں۔   پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں ہے اور اب تمام افواہیں دم توڑ جائیں گی۔ عمران خان واحد وہ لیڈر ہیں جن کا کراچی سے لے کر خیبر تک ووٹ بینک ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) وسطی پنجاب اور پیپلز پارٹی اندورن سندھ کی سیاسی جماعتیں ہیں۔

چند وفاقی وزرا کی آرمی چیف سے ملاقات پر وزیر اعظم عمران خان نے برہمی کا اظہار کیوں کیا ہے؟ سے متعلق سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’مجھے اس بارے میں کچھ نہیں معلوم‘۔  اس سے قبل پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے ان تمام میڈیا رپورٹس کو مسترد کردیا تھا جس میں 'جہانگیر ترین گروپ' تشکیل دینے کی بات کی گئی۔