30 لاکھ افراد شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے ویکسین سے محروم رہ سکتے ہیں

  • ہفتہ 22 / مئ / 2021
  • 4970

شناخت ثابت کرنے کی شرط کی وجہ سے پاکستان میں 30 لاکھ افراد کورونا ویکسین سے محروم ہوسکتے ہیں۔ ان میں بنیادی طور پر غیر رجسٹرڈ مہاجرین شامل ہیں۔

ملک میں صرف پاکستانی شہری یا تارکین وطن جنہوں نے یا تو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) یا سرکاری مہاجرین کی حیثیت حاصل کی ہے وہ ویکسین حاصل کرسکتے ہیں۔ پاکستان نے اب تک تقریباً 30 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی ہے۔

پاکستان میں رہائش پذیر 15 لاکھ سے زائد غیر رجسٹرڈ مہاجرین، خاص طور پر افغان مہاجرین شناختی دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے ویکسین سے محروم رہیں گے۔ اس کے علاوہ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے حالیہ برسوں میں ہزاروں شناختی کارڈ کو مختلف وجوہات کی بنا پر منسوخ کردیا گیا ہے۔

پاکستان میں دنیا کی دوسری بڑی مہاجر آبادی موجود ہے۔ تقریباً 28 لاکھ دستاویزی اور غیر دستاویزی افغان مہاجرین موجود ہیں۔ پناہ گزینوں میں سے صرف نصف رجسٹرڈ ہیں باقی بغیر دستاویزات کے ساتھ زیادہ تر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہیں جو جنگ زدہ افغانستان سے قریب ہیں۔ سندھ میں بھی تقریباً 5 لاکھ افغان مہاجرین رہتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق 2002 سے اب تک 38 لاکھ سے زائد مہاجرین افغانستان واپس جاچکے ہیں تاہم کئی تشدد، بے روزگاری اور تعلیم اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے پاکستان واپس آگئے ہیں۔ افغان مہاجرین کے علاوہ پاکستان اور بنیادی طور پر کراچی میں غیر رجسٹرڈ بنگالی، نیپالی اور روہنگیا تارکین وطن کی بڑی آبادی ہے۔

موجودہ طریقہ کار کے مطابق شہریوں کو حفاظتی ویکسین لگوانے سے قبل اپنا شناختی کارڈ نمبر کسی نامزد آفیشل پورٹل پر بھیج کر اندراج کروانا ہوتا ہے۔  پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ رجسٹریشن کے عمل کو روک دیا جائے کیونکہ اس سے کووڈ 19 کی ویکسین سے 'لاکھوں افراد محروم ہوسکتے ہیں'۔

پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت لگ بھگ 30 لاکھ مقامی اور مہاجرین حفاظتی ٹیکے لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ دیہی علاقوں میں ایک بڑی تعداد نے ابھی تک شناختی کارڈ حاصل نہیں کیا ہے۔

قیصر سجاد نے کہا کہ اگر آبادی کے اتنے بڑے حصے کو صرف اس وجہ سے ویکسین نہیں لگائی جاتی کہ ان کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہے تو اس سے ویکسینیشن کے بڑے پیمانے پر فوائد حاصل نہیں ہوسکیں گے۔