رواں برس 60 ہزار عازمین کو حج کی اجازت دی جائے گی
- اتوار 23 / مئ / 2021
- 9760
پاکستان کے وفاقی وزیرِ مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے رواں برس حج کے لیے 60 ہزار عازمین کی تعداد مقرر کری ہے
پاکستان نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ چینی ویکسین کو سعودی عرب کی تسلیم شدہ ویکسینز کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ 60 ہزار افراد میں سے 45 ہزار غیرملکی اور 15 ہزار سعودی شہری حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس ساٹھ ہزار افراد کے کوٹے میں سے پاکستان کو بھی حصہ ملے گا۔ پیر نورالحق قادری کے بقول سعودی حکومت نے یہ اعلان نو صفحات پر مشتمل احتیاطی تدابیر اور شرائط کے ساتھ جاری کیا ہے۔ جج کے لیے عمر کی حد 18 سے 60 سال ہو گی اور ان افراد کو مطلوبہ جسمانی صحت کا سرٹیفکیٹ لازمی دینا ہو گا۔
پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ مستند کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ اور پی سی آر ٹیسٹ کا منفی آنا لازمی ہو گا۔ قبل ازیں پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ رواں برس حج کی ادائیگی کے لیے کورونا ویکسین لگوانا ہو گی اور مکمل احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہو گا۔
دوسری جانب پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق دفترِ خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے سعودی عرب سے کہا ہے کہ وہ چین کی سائنو فارم ویکسین کو بھی منظورہ شدہ ویکسینز کی فہرست میں شامل کر لے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں ابتداً لاکھوں افراد کو چین کی سائنو فارم ویکسین کی خوراکیں لگائی گئی ہیں۔ تاہم عالمی ادارہؐ صحت کی جانب سے منظوری کے باوجود سعودی عرب نے اسے منظور شدہ ویکسینز کی فہرست میں شامل نہیں کیا۔
سعودی عرب کی جانب سے تسلیم شدہ ویکسینز کی فہرست میں فائزر، ایسٹرازینیکا، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔ زائرین کے لیے ضروری ہو گا کہ ان کو لگائی گئی ویکسین سعودی عرب کی وزارتِ صحت کی منظور کردہ فہرست میں شامل ہو۔ زائرین اگر غیر ملکی ہیں تو انہیں سعودی عرب آمد پر تین دن کا لازمی قرنطینہ کرنا ہو گا۔