بھارت میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی

  • سوموار 24 / مئ / 2021
  • 7370

بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث وبا سے مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ اس طرح بھارت کورونا سے متاثرہ دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔

بھارت کے بڑے شہروں میں وائرس سے جانی نقصان کم ہورہا ہے لیکن نیم متوسط طبقے پر مشتمل شہروں میں وبا کے نقصان بڑھتے جارہے ہیں۔  وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 454 مزید اموات کی اطلاع دی ہے۔  جس کے بعد بھارت میں مجموعی اموات 3 لاکھ 3 ہزار 720 ہوگئی ہیں۔

حکام کے مطابق کورونا وائرس کے مزید 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔  نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 70 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔  بھارت میں شمال کے دور دراز ہمالیائی دیہات سے لے کر وسطی میدانی علاقوں اور جنوب میں ساحل تک وبائی مرض پورے ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔  نئی دہلی کے ہسپتالوں میں آکسیجن ختم ہونے کی وجہ سے متعدد لوگوں نے گھر میں ہی دم توڑ دیا۔

ممبئی کے ہسپتالوں کے کوریڈورز میں کورونا کے مریضوں کی بڑی تعداد طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے دم توڑ رہی ہے۔  بھارت کے بڑے شہروں میں حالات قدرے بہتر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں لیک وائرس ختم  نہیں ہورہا ہے۔

بھارت کے دیہی علاقوں میں اموات کی شرح شہروں کے مقابلے میں زیادہ ہے جہاں طبی مراکز پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔  بھارت میں ویکسینیشن مہم بھی سست روی کا شکار ہے کیونکہ بیشتر ریاستوں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس وافر مقدار میں ویکسین موجود نہیں ہے۔ بھارت دنیا کے مقابلے میں سب سے زیادہ ویکسین تیار کررہا ہے لیکن وہاں صرف 4 کروڑ 16 لاکھ لوگوں کو ویکسین دی جاچکی ہے جو مجموعی آبادی کا 3.8 فیصد ہے۔