چوہدری نثار علی خان پنجاب اسمبلی کا حلف نہیں اٹھا سکے
- سوموار 24 / مئ / 2021
- 7340
سابق وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیئر رہنما چوہدری نثار علی خان پنجاب اسمبلی کا حلف نہیں اٹھا سکے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیاہے۔
چوہدری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کہ وہ کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں ہیں مگر آج انہیں بتایا گیا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی غیر موجودگی میں حلف نہیں لیا جا سکتا، جو بالکل غلط ہے اور اس کے خلاف وہ قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ نثار علی خان آج پنجاب اسمبلی حلف اٹھانے کے لیے پہنچے تھے تاہم سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی عدم موجودگی کے باعث اُن سے حلف نہیں لیا جا سکا۔
اسمبلی کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے پہلے یہاں اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو حلف کے بارے میں بتا دیا تھا۔ مگر آج کہا گیا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے بغیر حلف نہیں لیا جا سکتا ہے۔ یہ بالکل غلط ہے۔ چیئرمین کے پاس مکمل اختیارات ہوتے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ تین برس بعد وہ حلف کیوں اٹھانا چاہ رہے ہیں تو اُن کا کہنا تھا کہ حکومت ایک خود ساختہ آرڈیننس لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ سب پاکستان کے آئین میں درج ہے۔ یہ ایک آرڈیننس لانے کی کوشش میں ہیں کہ جو ارکان مخصوص مدت کے دوران حلف نہ اٹھا پائیں انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ ’اگر نااہلی قانون کے ذریعے ہو تو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ لیکن اگر رات کے اندھیرے میں آرڈیننس لایا جائے تو پھر اعتراض ہو گا۔‘
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو یہ مشورہ دوں گا کہ ٹھنڈا کر کے کھائیں۔ حکمران کو سب سیاسی نقطہ ہائے نظر کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے۔ آج اس ملک کو افہام و تفہیم اور اتحاد کی زیادہ ضرورت ہے۔