بلوچستان میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالحئی بلوچ قتل

  • جمعرات 27 / مئ / 2021
  • 6190

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں مسلح افراد کے حملے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلعی امیر اور معروف مذہبی رہنما مولانا عبدالحئی بلوچ جاں بحق ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام نے کہا کہ مولانا عبدالحئی بلوچ مدرسہ عربیہ خیرالمدارس محمودیہ سے اپنے گھر جارہے تھے کہ راستے میں مسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے مولانا عبدالحئی بلوچ کو متعدد زخم آئے اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعہ پنجگور کے مکران ڈویژن کے علاقے سوردو میں پیش آیا۔ پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں نے میت کو ضلعی ہسپتال منتقل کیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جے یو آئی (ف) اور مدرسے کے سینکڑوں طلبہ ہسپتال کے باہر جمع ہوگئے اور مذہبی رہنما کے قتل کے خلاف احتجاج کیا۔

سینیئر پولیس افسر نے کہا ہے کہ بظاہر یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ لگتا ہے۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور امید ہے کہ قاتلوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔ بعد ازاں مولانا عبدالحئی بلوچ کو وارجک قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔