پاکستان میں 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن کا فیصلہ
- جمعہ 28 / مئ / 2021
- 6280
حکومت نے ہفتہ 29 مئی سے سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن کی جائے گی۔ یہ اعلان وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں کیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی کےاجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہےکہ کل سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد واک ان ویکسی نیشن کرا سکیں گے، اگر آپ کی عمر 30 سال سے زیادہ ہے تو خود کو رجسٹر کرائیں، کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر جا کر ویکسین کرائیں۔
ایک اور ٹویٹ میں اسد عمر نے لکھا کہ پاکستان میں 50 لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔جلد رجسٹر ہوں اور ویکسین لگوائیں تاکہ بندشیں مزید کم کر سکیں، آپ اپنی زندگی آزادی کے ساتھ کورونا کے خوف کے بغیر گزار سکیں، پاکستان کی ترقی کا سفر تیز تر ہو۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ایک دن میں کورونا وائرس سے 67 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 607 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 13 ہزار 784 ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 482 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 37 ہزار 775، سندھ میں 3 لاکھ 14 ہزار 158، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 31 ہزار 411، بلوچستان میں 24 ہزار 908، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 545، اسلام آباد میں 80 ہزار 927 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 60 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 30 لاکھ 57 ہزار 951 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 625 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 34 ہزار 566 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 132 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔