پاکستان میں فائزر ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچ گئی

  • ہفتہ 29 / مئ / 2021
  • 4320

پاکستان کو عالمی ادارہ صحت کے عالمی ویکسین پروگرام 'کوویکس' کے ذریعے فائزر کی کورونا ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں موصول ہوگئی ہیں۔

یونیسف پاکستان نے ٹوئٹر پر ویکسین کی آمد کا اعلان کیا اور ملک بھر میں کامیابی سے کورونا ویکسی نیشن مہم کے آغاز، ویکسی نیشن سینٹرز پر بہترین انتظامات اور 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو مہم میں شامل کرنے پر پاکستان کی تعریف کی۔  پاکستان کو کوویکس سہولت کے تحت ویکسین کی موصول ہونے والی یہ دوسرے کھیپ ہے۔

ملک کو رواں ماہ کے اوائل میں ویکسین کی پہلی کھیپ ملی تھی جس میں ایسٹرازینیکا ویکسین کی 12 لاکھ 38 ہزار 400 خوراکیں شامل تھیں۔ حکام کا اس وقت کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں ویکسین کی مزید 12 لاکھ 36 ہزار خوراکیں حاصل ہوں گی۔ پاکستان کو کوویکس کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 72 لاکھ خوراکیں ملیں گی۔

اب تک پاکستان نے کورونا کی پانچ ویکسینز کی منظوری دی ہے جن میں سائینوفارم، کین سینو، سینو ویک، اسپوتنک اور ایسٹرازینیکا شامل ہے۔ رواں ہفتے حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اس نے اسلام آباد کے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں چین کی سنگل ڈوز کین سینو ویکسین کی تیاری شروع کردی ہے۔

حکومت کے سرکاری اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے دیگر ممالک سے ویکسین کی درآمد پر انحصار کو کم کرنے کے لیے ہر ماہ 30 لاکھ خوراکیں تیار کی جائیں گی۔ این آئی ایچ کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی درخواست پر بتایا کہ کین سینو ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار خوراکیں پیک کردی گئی ہیں اور اُمید ہے کہ اسے لانچ کرنے کی تقریب رواں ماہ کے آخر میں منعقد ہوگی۔

دوسری جانب ملک میں کورونا کیسز میں کمی آرہی ہے اور گزشتہ پانچ روز سے یومیہ 3 ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وبا کے 2 ہزار 455 نئے کیسز سامنے آئے جن کی شرح 4.4 فیصد رہی۔ پاکستان میں کورونا سے اموات بھی گزشتہ آٹھ روز سے 100 سے کم رپورٹ ہو رہی ہیں۔