کویت نے دس سال بعد پاکستانیوں کے لیے ویزا بحال کر دیا
- اتوار 30 / مئ / 2021
- 7230
پاکستان کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کویت نے دس سال کے طویل عرصے بعد پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا بحال کر دیا ہے۔
اس بات کا اعلان پاکستان وزیر داخلہ شیخ رشید نے کویت کے دورے کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے کویت کے وزیر اعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات بھی کی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت کے وزیراعظم سے ملاقات کے موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کویتی وزیر اعظم کو وزیر اعظم عمران خان کا ایک خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔ خیال رہے کہ پاکستان شہریوں کے لیے کویتی ویزے 2011 سے بند تھے۔ پاکستان کے وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا بھی جاری کرنے کا فیصلہ ہوا ہے جبکہ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ بیان کے مطابق خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے آن لائن ویزا کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
اس موقع پر کویت کے وزیر اعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔