حکومت نے شہباز شریف کی بیرون ملک روانگی کے خلاف درخواست واپس لے لی

  • بدھ 02 / جون / 2021
  • 5600

وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی بیرونِ ملک روانگی اور ان کا نام بلیک لسٹ سے نکالے جانے کے خلاف دائر درخواست واپس لے لی ہے۔

شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کے خلاف اپیل پر سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت میں حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، ہائی کورٹ کے نمائندے اور شہباز شریف کی جانب سے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ عدالت میں پیش ہوئے۔

گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ سے شہباز شریف کی درخواست پر عدالتی کارروائی کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی جو آج پیش کیا گیا۔

اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے مؤقف اپنایا کہ شہباز شریف نے ہائی کورٹ سے اپنی درخواست واپس لے لی ہے، جس کے بعد ہم اپنی درخواست پر اصرار نہیں کرتے۔ اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پھر تو معاملہ ہی ختم ہوگیا جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ جی، ہم اسی لیے اپنی درخواست پر زور نہیں دے رہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا  نام ای سی ایل میں شامل ہے۔ وہ ملک سے باہر نہیں جاسکتے۔  وفاقی وزیر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ شہباز شریف کا نام چونکہ اب ای سی ایل پر ہے، انہوں نے اپنی پٹیشن ہائیکورٹ سے واپس لے لی ہےلہذا سپریم کوررٹ میں حکومتی اپیل کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے،۔کیونکہ درخواست کا مقصد پہلے ہی پورا ہو چکا ہے۔