سندھ میں ویکسین سے انکار کرنے والے ملازمین کی تنخواہ روکنے کا حکم

  • جمعرات 03 / جون / 2021
  • 4760

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی صدارت میں کورونا وائرس کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، سرکاری افسروں،  کورفائیو اور رینجرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والے 26 ہزار 812 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 55 مثبت آئے۔ 29 مئی کو 4 مسافروں میں وائرس کی بھارتی قسم کی تشخیص ہوئی جنہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ یہ مریض جن 14 لوگوں سے رابطے میں آئے ان کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یکم جون کو 12.45 فیصد اور 2 جون کو کراچی میں 11.77 فیصد مثبت کیسز تھے، گزشتہ 30 روز میں سندھ میں 392 اموات ہوئیں، ان میں سے 73 کا ان کے گھروں میں انتقال ہوا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 2 جون کو 57 ہزار 541 ویکسین لگائی گئیں، اب تک سندھ میں کورونا ویکسین کی 15 لاکھ 50 ہزار سے زائد خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

اس موقع پر مراد علی شاہ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی جولائی سے تنخواہ روک لی جائے۔ انہوں نے صوبے بھر کے 300 بی ایچ یو میں ویکسی نیشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت بھی دی۔

ان بی ایچ یوز میں یومیہ 30 ہزار خوراکیں لگانے کا ہدف دیا گیا ہے جبکہ موبائل ویکسی نیشن ٹیم کو روزانہ 60 ہزار اور نجی ہسپتالوں کو روزانہ 10 ہزار خوراکیں لگانے کا ہدف دیا گیا ہے۔