طالبان مذاکرات میں کامیاب نہ ہوئے تو وہ طاقت سے مقاصد حاصل کرلیں گے: رپورٹ

  • ہفتہ 05 / جون / 2021
  • 6670

اقوام متحدہ کے ایک انٹیلی جنس تجزیے میں کہا گیا ہے کہ طالبان امریکہ اور اتحادی افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد وہ سب کچھ طاقت سے حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں جو کچھ وہ مذاکرات کی میز پر حاصل نہیں کر سکے۔

اقوام متحدہ کی سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم یعنی پابندیوں کا جائزہ لینے والی ٹیم نے جمعرات کو رپورٹ جاری کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگرچہ طالبان ابھی تک گزشتہ سال امریکہ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی، تکنیکی طور پر تعمیل کر رہے ہیں لیکن انہوں نے اختیارات پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ وہ ملک کے نصف سے زیادہ ضلعی انتظامی مراکز پر براہ راست کنٹرول رکھے ہوئے ہیں اور شہری علاقوں سے باہر 70 فیصد علاقے ان کے کنٹرول میں ہیں۔

اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھی خبردار کیا ہے کہ یہ محض آغاز ہو سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے نعرے اور موسم گرما کے لڑائی کے سیزن کی تیاریوں کی رپورٹیں ظاہر کرتی ہیں کہ وہ سال 2021 میں اپنا فوجی آپریشن بڑھا رہے ہیں، بھلے وہ حملوں کا اعلان کریں یا نہ کریں۔ انٹیلی جنس رپورٹوں میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ طالبان کمانڈروں نے اہم شہروں کے نزدیک اپنی فورسز کو بڑھا دیا ہے اور وہ مستقبل میں اس وقت اپنے عسکری آپریشنز کے حصے کے طور پر حملوں کے لیے تیار ہیں جب غیر ملکی افواج ان کو موثر انداز میں جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں ہوں گی۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس بارے میں کم ہی ثبوت ہے جو ظاہر کرتا ہو کہ طالبان نے القاعدہ کے ساتھ اپنے روابط ختم کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے ہوں جو امریکہ کے ساتھ اس کے معاہدے کا حصہ ہے۔ اس کے برعکس، خفیہ معلومات یہ ظاہر کرتی ہی کہ طالبان اور القاعدہ کے تعلقات ذاتی مراسم، آپس میں شادیوں اور مشترکہ مزاحمت کے سبب مزید گہرے ہو گئے ہیں اور اب یہ تعلقات دوسری نسل تک منتقل ہو چکے ہیں۔ القاعدہ کے اراکین کو طالبان نے دور دراز کے علاقوں میں بھجوا دیا ہے تاکہ ان کو ممکنہ طور پر لوگوں کے سامنے آنے اور نشانہ بنائے جانے سے بچایا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق القاعدہ کے پانچ سو کے قریب ممبر جو مرکزی گروپ اور القاعدہ ان انڈین سب کانٹینینٹ  سے وابستہ ہیں، وہ پندرہ صوبوں میں رہائش رکھے ہوئے ہیں۔ طالبان نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کو فوری طور پر مسترد کر دیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پشتو زبان میں ایک بیان میں کہا ہے کہ بدقسمتی سے یہ رپورٹ دشمن ایجنسیوں کی اطلاعات پر مرتب کی گئی ہے۔

ترجمان طالبان کے مطابق اس طرح کی یک طرفہ رپورٹیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر جانبداری پر سوالات اٹھاتی ہیں اور اس کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ اسلامی امارات کے نمائندے بین الافغان مذاکرات کی میز پر جانے کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہیں تاکہ مذاکرات میں پیش رفت ہو اور معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد ہو سکے۔

امریکہ کے عہدیداروں نے بھی جمعرات کو اس رپورٹ کو تسلیم کیا ہے لیکن اس بات پر زور دیا ہے کہ افغانستان میں امن کا واحد اور پائیدار راستہ بین الافغان مذاکرات سے نکلتا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ  افغانستان میں ہمارا حتمی مقصد چار دہائیوں سے جاری تنازعے کا خاتمہ ہے۔ اس طرح کے ماحول میں دہشت گردی کے دوبارہ سر اٹھانے کا امکان کم ہے۔

نیڈ پرائس طالبان کو متنبہ کیا کہ تشدد سے باز رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا افغانستان کے اندر طاقت سے کسی حکومت کے مسلط ہونے کو قبول نہیں کرے گی۔ امریکہ کے ایک اور اہم عہدیدار زلمے خلیل زاد کہہ چکے ہیں کہ طالبان کی سب سے بڑی خواہش خود کو بین الاقوامی برادری سے تسلیم کروانا ہے۔ ان کے بقول طالبان سمجھتے ہیں کہ اگر انہوں نے ایسا نہ کیا اور تشدد کا راستہ اختیار کیا تو ان کو قبولیت اور بین الاقوامی امداد سے محروم ہونا پڑے گا۔

افغانستان کے جنوبی حصے میں طالبان نے سرکاری فورسز کی طرف سے کسی مزاحمت کے بغیر ایک اور ضلع پر قبضہ کر لیا ہے جس کے بعد حالیہ عرصے میں طالبان کے کنٹرول میں جانے والے اضلاع کی تعداد سات ہو گئی ہے۔