عمران خان چینی ویکسین کی منظوری کےلئے سعودی حکام سے بات کررہے ہیں: شیخ رشید
- اتوار 06 / جون / 2021
- 4840
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان چینی ویکسین کو منظور شدہ ویسکین کی فہرست میں شامل کروانے کے لئے خود سعودی حکام سے بات کررہے ہیں۔ تاکہ پاکستانی زائرین حرمین شریفین جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویسکین پروگرام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ پہلے لوگ ویکسینیشن کے خلاف تھے اور اس کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا تھا لیکن اب دنیا ویکسینیشن کی جانب جارہی ہے اور یہ کم سے کم مدت میں مکمل کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں صورت حال بھارت سے بہتر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان ، سعودی عرب کی جانب سے صرف مخصوص ویکسینیشن کو منظوری دینے پر متعلقہ حکام سے بات کریں گے وہ اس مسئلے کو خود دیکھ رہے ہیں۔
ترین گروپ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی کوئی اپوزیشن موجود نہیں ہے۔ بجٹ کی منظوری کے لیے جہانگیر ترین گروپ کے بھی تمام ووٹس حمایت میں پڑیں گے۔ حکومت سے مزدوروں کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوگئے جس کا دکھ عمران خان کو بہت زیادہ ہے لیکن شہباز شریف کو روک دیا گیا اور ای سی ایل میں اندراج کے خلاف درخواست دینے کے 15 روز ہوتے ہیں جو کل گزر چکے اور کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے، عمران خان خوش نصیب شخص ہے کہ جسے ایسی نکمی اپوزیشن ملی۔