ایک پی ٹی آئی کا دوسرا سندھ کا پاکستان ہے: مرتضیٰ وہاب
- سوموار 07 / جون / 2021
- 4980
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے دو نہیں ایک پاکستان کا وعدہ کیا تھا مگر اب ان کے مطالبات تبدیل ہوگئے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ '201 سے لےکر اب تک 12 ٹرین حادثات ہوچکے ہیں اور ایک بار بھی انہوں نے ریلویز کے حوالے سے وہ فیصلہ نہیں کیا جو ماضی میں وہ اعلانات کرتے تھے۔ ان 12 حادثات کے باوجود کوئی کارروائی ریلوے کے حوالے سے نہیں کی گئی، یہ دوہرا معیار ہے جو عمران خان دوسروں کے لیے کچھ اور اور اپنے لیے کچھ اور اپناتے ہیں۔
عمران خان کی حکومت میں ایک پی ٹی آئی کا پاکستان اور دوسرا سندھ کا پاکستان ہے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام نے بار بار تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں کو مسترد کیا ہے کیونکہ ان کی ترجیحات میں سندھ کے عوام نہیں ہیں۔ 'وفاقی حکومت نے اپنے کام سے ثابت کیا ہے کہ سندھ کے عوام سے ان کی کوئی دلچسپی نہیں'۔
انہوں نے بتایا کہ بجٹ تیاریوں کے حوالے سے دستاویزات جب ہماری پاس آئیں تو حکومت سندھ نے تمام شواہد اور دلائل کے ساتھ احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے 5 جون کو وزیر اعظم کو خط لکھا اور پی ایس ڈی پی کے 6 سیکٹرز کی نشاندہی کی گئی کہ اس فنڈ کو غیر منصفانہ انداز میں مختص کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امید تھی کہ وزیر اعظم اس پر نظر ثانی کریں گے اور اسے آئین کے مطابق حل کریں گے تاہم یہ حکومت آئین میں یقین نہیں رکھتی۔ آئین پاکستان پر وفاقی اور صوبائی وزرا نے حلف اٹھایا ہے، ہم اس کے پابند ہیں، آئین پاکستان متوازن ترقی اور منصفانہ طریقہ کار کی ضمانت دیتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اسد عمر نے گزشتہ روز ایک ٹی وی چینل پر کہا کہ سب غلط ہے، اور جب ان سے شواہد مانگے گئے تو انہوں نے کہا کہ میرے پاس نہیں۔ اگر آپ کے پاس حقائق نہیں تو اس طرح کا بیان نہ دیتے۔