ہماری حکومت حادثہ کی ذمہ دار نہیں: فواد چوہدری

  • سوموار 07 / جون / 2021
  • 4200

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے گھوٹکی حادثے پر وزیر ریلوے اعظم سواتی استعفیٰ کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ  حادثہ سابقہ وزیرسعد رفیق کی غلطیوں کی وجہ سے ہؤا ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیر خامیوں کی نشاندہی کر کے ان کا حل بتاتا ہے جب ان پر عملدرآمد ہوجائے اور پھر بھی حادثہ ہو تو وہ ذمہ دار ہوگا۔ ماضی میں پالیسیز اور فیصلہ سازی غلط رہی ہے، ہمیں پچھلی حکومتوں کے غلط فیصلوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اور ہم بھگت رہے ہیں۔ ہم نے ایم ایل ون اور دیگر منصوبے شروع کیے ہیں جن کی تکمیل پر حادثات میں کمی آئے گی۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بدقسمتی سے طویل عرصے سے ریلوے کے نظام اور دیگر محکموں میں جو سرمایہ کاری ہونی چاہیے تھی وہ نہیں ہوئی جس کی وجہ سے تمام ادارے تنزلی کا شکار ہیں۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 6 بج کر 30 منٹ تک امدادی ٹیمز اور حکام جائے حادثہ پر پہنچ چکے تھے۔ وزیراعظم کو جیسے ہی حادثے کی اطلاع ملی انہوں نے فوری طور پر وزیر ریلوے اعظم سواتی کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی جس پر وہ خصوصی طیارے سے 9 بجے جائے وقوع پر پہنچے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 74 سال بعد ریلوے میں ایم ایل ون سب سے بڑا منصوبہ ہے جو ہماری حکومت لائی ہے اس کے بعد ریلوے کی ہیئت اور نوعیت تبدیل ہوگی۔