گھوٹکی ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 65 ہوگئی
- منگل 08 / جون / 2021
- 5640
سندھ کے ضلع گھوٹکی میں ہونے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 100 سے زائد زخمیوں میں سے متعدد کی حالت بدستور تشویشناک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
گھوٹکی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عمر طفیل نے بتایا کہ انجن کے نیچے پھنسی بوگی سے مزید لاشیں نکالی گئی ہیں۔ منگل کے روز نکالی گئی 10 سے 12 لاشیں ان افراد کی تھیں جو بارات کے ساتھ سفر کررہے تھے۔
ایدھی سینٹر سکھر کے انچارج محمد عرس مگسی اور گل مہر کے مطابق گزشتہ شب ٹرین کے ملبے سے مزید 14 لاشیں نکالیں گئیں تھیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 62 ہوگئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے 35 سے زائد میتیں ان کے آبائی علاقوں کو بھیج دی گئی ہیں، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے زیادہ تر تعلق کا کراچی، لودھراں، راولپنڈی، وہاڑی اور دیگر علاقوں سے ہے جبکہ کچھ میتیں، ورثا کے انتظار میں اوباڑو ہسپتال سے رحیم یارخاں ہسپتال کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہیں۔
ترجمان ریلوے نے بتایا کہ محکمے کی پالیسی کے تحت حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کو 15 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار سے 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
دوسری جانب ڈی ایس سکھر طارق لطیف نے بتایا کہ ٹرین حادثے کے مقام پر ریلیف آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، جائے حادثہ سے انجن اور 17 کوچز اٹھالی گئی ہیں جس کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک بحال کرکے ٹرین سروس بحال کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق فی الحال اپ ریلوے ٹریک سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرینوں کو جائے حادثہ سے گزارا جارہا ہے جبکہ ڈاؤن ریلوے ٹریک بھی ایک سے دو گھنٹوں میں بحال کردیا جائے گا۔