افغانستان میں رضاکاروں کے کیمپ پر حملہ، 10 ہلاک

  • بدھ 09 / جون / 2021
  • 6910

افغانستان کے صوبے بغلان میں نامعلوم افراد نے بارودی سرنگوں کا خاتمہ کرنے والی بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم کے 10 رضا کاروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

افغان وزارتِ داخلہ نے بدھ کو تصدیق کی ہے کہ بارودی سرنگوں  کو ناکارہ بنانے کا کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’ہالو ٹرسٹ‘ کے رضا کاروں کو شمالی افغانستان کے صوبے بغلان میں قائم کیمپ میں نقاب پوش افراد نے نشانہ بنایا۔ صوبہ بغلان کی پولیس کے ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ نشانہ بننے والے تمام افراد افغان شہری ہیں۔ یہ افراد غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کا کام کرتے تھے۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے ان رضا کاروں کو ہلاک کرنے سے قبل ایک کمرے میں جمع کیا اور پھر ان پر گولیاں برسانا شروع کر دیں۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق افغان حکام رضاکاروں کے قتل کے لیے افغان طالبان کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں اور اس حملے کو بھی طالبان کے حالیہ پر تشدد کارروائیوں کی مہم کا حصہ بتایا جا رہا ہے۔

افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ طالبان بارودی سرنگوں کا خاتمہ کرنے والی ایجنسی کے ایک کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد کو قتل کرنا شروع کر دیا۔ بغلان کے گورنر کے ترجمان نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ حملہ آوروں نے چہروں پر نقاب لگائے ہوئے تھے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح المجاہد نے اس حملے میں طالبان کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک بیان میں ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ بغلان میں بارودی سرنگوں کی صفائی کرنے والے رضا کاروں پر حملے سے مجاہدین کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ طالبان نہتے افراد پر حملے کی مذمت کرتے ہیں جب کہ اس کو ظلم سمجھتے ہیں۔