سپریم کورٹ میں جسٹس شوکت صدیقی کے بیان کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں: مریم نواز
- بدھ 09 / جون / 2021
- 5440
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل شوکت عزیز صدیقی کے سپریم کورٹ میں ان کے بیان کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزول جج شوکت عزیز صدیقی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ انہیں سچ بولنے کی سزا نہ دی جائے کیوں کہ آج جس کٹہرے میں وہ کھڑے ہیں تو کل جو بھی ججز انصاف کرنا چاہیں، قانون کے راستے پر چلنا چاہیں اور آزادانہ فیصلے کرنا چاہیں وہ سب کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور شوکت صدیقی کے جو کیسز ہیں انہیں عدلیہ کو اپنے اوپر حملہ تصور کرنا چاہیے اور عدلیہ کو چاہیے کہ بطور ادارہ جو بیرونی دباؤ آتے ہیں اسے روکیں۔ شوکت صدیقی کی بات کو سنیں، ان کی بات کو وزن دیں، انہیں سچ بولنے کی سزا نہ دیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ججز کو پریشرائز کرا کر، بلیک میل کرا کر اپنی دھونس جما کر جو فیصلے لیے جاتے ہیں ان سے ان کے صاف کیریئر پر دھبا لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جو سپریم جوڈیشل کونسل، شوکت عزیز صدیقی کا کیس سن رہی ہے اسے چاہیے اس کیس کو اپنا، عدلیہ کا کیس سمجھے اور ہمیشہ کے لیے عدلیہ پر دھونس اور دباؤ ڈال کر جو فیصلے لیے جاتے ہیں اس سلسلے کو ختم کرے۔ ورنہ شوکت صدیقی کی جگہ کل کوئی اور جج کھڑے ہوں گے اور سرینا عیسیٰ کی جگہ کسی اور جج کی بیٹی یا اہلیہ ہوں گی۔
امریکا کو فوجی اڈے دینے سے متعلق سوال کے جواب میں نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ قومی اور بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے جتنی خبریں سامنے آئی ہیں ان سے حکومت پاکستان نے انکار نہیں کیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ شاید یہ بات سچ ہے، آپ نے جو بھی ڈیل کی ہے، چاہے وہ گرتی ہوئی حکومت کو بچانے کے لیے کی یا کسی کے آگے سرینڈر کیا ہے، تو پارلیمان کے ذریعے قوم کو آگاہ کریں کہ آپ نے کیا غلطی کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے، ہمیں پہلے ہی بہت سے مسائل کا سامنا ہے اس لیے یہ چیزیں قوم کے سامنے آنی چاہیئیں کہ آپ اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لیے کیا سودا کر کے آئے ہیں کیوں کہ جاننا عوام کا حق ہے۔
بجٹ سے متعلق سوال کے جواب میں رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پارٹی مشاورت کررہی ہے اور بجٹ کے حوالے سے حکمت عملی شہباز شریف قوم کے سامنے لائیں گے۔