ملالہ کو دھمکی دینے والا مذہبی رہنما گرفتار

  • جمعرات 10 / جون / 2021
  • 6790

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مذہبی رہنما کو نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو شادی کے حوالے سے  حالیہ بیان پر مبینہ طور پر دھمکی دینے اور تشدد کے لیے اکسانے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملالہ یوسفزئی نے 'ووگ' میگزین کو حال ہی میں انٹرویو دیا تھا، جس میں شادی سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتی کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں، اگر کسی شخص کو دوسرے شخص کا ساتھ چاہیے تو اس کے لیے لازمی نہیں ہے کہ شادی کے کاغذات پر دستخط کیے جائیں۔ یہ صرف پارٹنرشپ کیوں نہیں ہو سکتی'۔

ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے لکی مروت پولیس آفس نے تصدیق کی کہ مفتی سردار علی حقانی کو انسداد دہشت گردی قانون کے تحت ایف آئی آر درج کیے جانے کے بعد بدھ کو گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی آر  کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مفتی سردار پشاور میں ایک اجتماع میں لوگوں کو قانون ہاتھ میں لینے اور ملالہ پر حملے کے لیے اکسا رہا تھا۔ مقدمہ ایس ایچ او وسیم سجاد خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 'اجتماع سے خطاب کے وقت مذہبی رہنما مسلح بھی تھے'۔ تقریر مین کہا گیا کہ 'جب ملالہ پاکستان آئے گی تو میں ان پر خودکش حملے کی کوشش کرنے والا پہلا شخص ہوں گا۔ مقدمے میں کہا گیا ہےکہ اس خطاب سے امن کو نقصان پہنچا اور لاقانونیت پر اکسایا گیا۔

مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے  گھر پر چھاپہ مار کر مفتی سردار کو گرفتار کر لیا۔