خضدار: زائرین کی بس الٹنے سے 23 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
- جمعہ 11 / جون / 2021
- 6550
بلوچستان کے ضلع خضدار میں زائرین کی بس الٹنے سے 23 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
بس بھلونک کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی اور کھائی میں جا گری جس کے باعث زیادہ تر ہلاکتیں بس کی چھت پر سوار افراد کی ہوئیں۔ بس میں سوار افراد سندھ کے ضلع دادو سے تعلق رکھتے تھے جو وڈھ کاکا ہیر میں عرس و دستار بندی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لیویز اور ایدھی کے رضاکاروں نے نعشوں اور زخمیوں کو گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار پہنچایا۔ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ کے مطابق حادثہ جمعہ کی صبح پیش آیاجس میں 15افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 3شدید زخمی ہسپتال میں طبی امداد کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ جاں بحق افراد میں میں دو سگے بھائی اور ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل ہیں جبکہ 48 زائرین زخمی ہیں۔
بعدازاں ضلعی انتظامیہ نے نعشوں کوضروری کارروائی کے بعد لیویز، ایدھی ایمبولینسز اور دیگر ذرائع سے ان کے آبائی علاقے دادو روانہ کردیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ اور ضلعی منتظم صحت تحصیلدار خضدار شہزاد زہری ہسپتال پہنچے اور مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی کی نگرانی کی۔