اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

  • اتوار 13 / جون / 2021
  • 9920

خیبر پختون خوا حکومت نے بالی وڈ   کے اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پشاوہ میں واقع ان مکانات کی ملکیت محکمہ آثار قدیمہ کے نام منتقل ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے اقدامات شروع کئے ہیں۔ شہریوں نے بھی اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات سرکاری تحویل میں لینے کے بعد صوبائی حکومت نے اقدامات تیز کردیے ہیں۔ پشاور میں واقع دلیپ کمار اور راج کپور کے گھر انتہائی خستہ حال ہیں جن کو میوزیم میں تبدیل کرنے سے قبل ان کی تزئین وآرائش کی جائے گی۔ منصوبہ دو سال میں مکمل  ہوگا۔ حکام کے مطابق دونوں اداکاروں کے خاندان والوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

قدیمی مکانات کی بحالی کے فیصلے کو جہاں شہریوں نے سراہا وہیں دلیپ کمار اور راج کپور کو چاہنے والوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔  ان کا کہنا ہے کہ میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ چار مرلے پرمحیط دلیپ کمار کے گھر کی قیمت 72لاکھ 80ہزار 658 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ راج کپور حویلی 6 مرلوں 3 سرائے پر محیط ہے۔ صوبائی حکومت نے اس کی  ایک کروڑ 15 لاکھ 27 ہزارروپے قیمت لگائی ہے۔

پشاورمیں واقع دلیپ کمار اور راج کپورحویلی کا شمار اپنے دور کی شاندارعمارتوں میں کیا جاتا تھا جن کی بحالی سے آئندہ نسليں بھی ايسے ثقافتی ورثوں سے مستفيد ہو سکيں گی۔