مقبوضہ کشمیر میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار اور دو شہری ہلاک
- اتوار 13 / جون / 2021
- 7520
مقبوضہ کشمیر کے شمال مغربی شہر سوپور میں ہفتے کو مُشتبہ عسکریت پسندوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار اور دو عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ جب کہ دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق سرینگر سے 48 کلو میٹر دور سوپور کے آرم پورہ علاقے میں حملے کے بعد مشتبہ عسکریت پسند سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں نے فوج کی مدد کے ساتھ سوپور کے ایک وسیع علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ آخری اطلاعات ملنے تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔
ایک اعلیٰ پولیس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سرچ آپریشن میں حفاظتی دستوں کو حملہ آور عسکریت پسندوں کو سرنڈر نہ کرنے کی صورت میں ہلاک کرنے کا اختیار ہے۔ کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نےصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکرِ طیبہ سے ہے اور ان کی شناخت کر لی گئی ہے۔
انہوں نے حملہ آوروں کے نام ظاہر کرنے یا اس سلسلے میں مزید تفصیلات بتانے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن سے جڑے معاملات ہیں جنہیں ابھی نہیں بتایا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ حکام نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو ایک تنگ و تاریک گلی سے اچانک نمودار ہونے والے مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔
حملے میں چار پولیس اہلکاروں اور قیریب سے گزرنے والے تین عام شہریوں کو گولیاں لگیں۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں دو پولیس اہلکار اور دو عام شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔