پی ٹی آئی کے 3 رہنماؤں سمیت 7 اراکین پر قومی اسمبلی میں داخلے پر پابندی

  • بدھ 16 / جون / 2021
  • 4440

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس میں ہنگامہ آرائی اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے والے 7 اراکین پر ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے ایوان میں ہنگامہ آرائی اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے والے اراکین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے، ان کے اسمبلی کی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اراکین قومی اسمبلی پر یہ پابندی اگلے احکامات تک جاری رہے گی۔

سیکریٹریٹ نے کہا کہ اسپیکر نے اراکین کے خلاف یہ کارروائی قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت کی ہے۔ جن اراکین پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں علی نواز اعوان (پی ٹی آئی)، عبدالمجید خان (پی ٹی آئی)، فہیم خان (پی ٹی آئی)، شیخ روحیل اصغر (پی ایم ایل ۔ ن)، علی گوہر خان (پی ایم ایل ۔ ن)، چوہدری حامد حمید (پی ایم ایل ۔ ن) اور آغا رفیع اللہ (پیپلز پارٹی) شامل ہیں۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اس سلسلے میں متعلقہ اراکین اور اسمبلی سیکیورٹی کو احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ بدھ کو اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ 14 اور 15 جون کو جو کچھ ایوان میں ہوا افسوسناک ہے۔ نازیبا زبان استعمال کرنے والے ارکان کے خلاف کچھ کارروائی کی ہے، مزید کارروائی کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے گی۔

اسپیکر نے کہا کہ آج اس وقت تک اجلاس نہیں ہوگا جب تک یہ طے نہ ہو جائے کہ اجلاس کیسے چلانا ہے۔ اس کے لیے حکومت اور اپوزیشن 6، 6 ارکان کے نام دیں۔ اسد قیصر نے معاملات طے ہونے تک قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی بجٹ تقریر کے دوران حکومتی اراکین اور وزرا کی جانب سے شور شرابا کیا گیا تھا جبکہ اپوزیشن نے بھی اس میں بھرپور حصہ لیا تھا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نا مناسب زبان اور بجٹ کی کاپیاں پھینکنے سمیت شور شرابے کے باعث اسپیکر کو متعدد مرتبہ اجلاس میں وقفہ لینا پڑا۔

حکومتی اراکین کی جانب سے ایوان میں ہنگامہ آرائی کے باعث اسپیکر قومی اسمبلی نے متعدد مرتبہ اعلان کیا کہ ایوان کی کارروائی کو جاری رہنے دیا جائے لیکن ناکامی پر انہوں نے ایوان کی کارروائی کو کچھ دیر کے لیے ملتوی کردیا۔ اجلاس کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین میں جھڑپ بھی ہوئی۔

دوران اجلاس اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے درمیان کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب پی ٹی آئی کے اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے مسلم لیگ (ن) کے رکن شیخ روحیل اصغر کو بجٹ کی کتاب دے ماری اور ان کے لیے نا مناسب زبان استعمال کرتے رہے۔