شہباز شریف کا اسپیکر قومی اسمبلی سے میڈیا کو رسائی دینے کا مطالبہ

  • جمعہ 18 / جون / 2021
  • 4510

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھا ہے۔

خط میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے میڈیا کو پارلیمنٹ تک مکمل رسائی دینے اور رکاوٹیں دور کرنے کا مطالبہ کیا  گیا ہے۔ شہباز شریف کا خط میں کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر کے بعد اب پارلیمنٹ پوری طرح فعال ہو چکی ہے۔ مگر میڈیا کو گیٹ نمبر 1 سے ملحقہ جگہ استعمال کرنے کی تاحال اجازت نہیں۔

انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ حکومت نے میڈیا کو اپوزیشن کی کوریج سے روک رکھا ہے۔ اپوزیشن کو میڈیا پر مساوی کوریج کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ تمام میڈیا کو کسی پابندی اور رکاوٹ کے بغیر پارلیمنٹ تک مکمل رسائی دی جائے۔ اپوزیشن لیڈر کا اپنے خط میں اسپیکر قومی اسمبلی سے یہ مطالبہ بھی ہے کہ اپوزیشن کو میڈیا پر اپنی بات کہنے کے تمام مواقع فراہم کیئے جائیں۔