پاکستان، امریکہ کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا: وزیر اعظم
- ہفتہ 19 / جون / 2021
- 5470
وزیر اعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے اندر کسی بھی طرح کی کارروائی کے لیے اپنے کسی بھی اڈے اور اپنی سرزمین کو امریکہ کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
وزیر اعظم نے ایچ بی او پر ایک انٹرویو میں کہا کہ 'ہرگز نہیں، کسی بھی صورت ہم اپنے اڈوں کے استعمال کی اور نہ ہی پاکستانی حدود سے افغانستان میں کسی بھی طرح کی کارروائی کی اجازت دیں گے'۔ ایچ بی او ایکزیوس کی ویب سائٹ پر اتوار کو نشر ہونے والے انٹرویو کے ایک ٹریلر میں انٹرویو لینے والے جوناتھن سوان نے سوال کیا تھا 'کیا آپ امریکی حکومت کو پاکستان میں سی آئی اے کی موجودگی کی اجازت دیں گے تاکہ وہ سرحد پار انسداد دہشت گردی مشن چلائیں جیسے القاعدہ، داعش یا طالبان؟'۔
وزیر اعظم نے جواب دیا 'ہرگز نہیں'، ان کے واضح ردعمل پر حیرت میں ڈوبے انٹرویو لینے والے نے وزیر اعظم سے ان کے رد عمل کی تصدیق کے لیے سوال کیا 'کیا واقعی'۔ ایچ بی او پر ایگزیوس ایک دستاویزی خبروں کا پروگرام ہے جو ٹیکنالوجی، میڈیا، کاروبار، اور سیاست میں تصادم کے حوالے سے ایگزیوس کے صحافیوں کی رپورٹنگ کو ایچ بی او کے فلم سازوں کی مہارت کے ساتھ جوڑتا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سینیٹ میں اپنے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے لیے امریکا کو فوجی اڈے فراہم کرنے کے امکان کو مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے اسے بے بنیاد اطلاعات قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور واضح کیا تھا کہ حکومت کبھی بھی امریکا کو فوجی اڈے فراہم نہیں کرے گی اور نہ ہی پاکستان کے اندر ڈرون حملوں کی اجازت دے گی۔
کابینہ کی بریفنگ میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پاکستان میں امریکا کے کسی بھی فوجی اڈے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی تمام تر سہولیات پاکستان کے اپنے استعمال میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایئر بیس پاکستان کے زیر استعمال ہیں، اس وقت اس سلسلے میں کوئی بات چیت جاری نہیں ہے کیونکہ پاکستان کسی بھی ملک کو کوئی ایئربیس نہیں دے سکتا۔