غریب ممالک میں کورونا ویکسین کی قلت ہو رہی ہے: عالمی ادارہ صحت کی وارننگ
- منگل 22 / جون / 2021
- 7340
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ عالمی شیئرنگ سکیم کے ذریعے کووڈ 19 کی ویکسین لینے والے غریب ممالک کی ایک بڑی تعداد کو ویکسین پروگرام جاری رکھنے کے لیے کافی مقدار میں ویکسین کی خوراکیں دستیاب نہیں ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے سینیئر مشیر ڈاکٹر بروس آئلورڈ نے کہا ہے کہ کوویکس پروگرام کے تحت 131 ممالک کو ویکسین کی 90 ملین خوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وائرس اب بھی دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اور کے پیش نظر ویکسین فراہمی کی یہ مقدار انسانی آبادیوں کو وائرس سے بچانے کے لیے ناکافی ہے۔
ویکسین کی عدم دستیابی ایک ایسے موقع پر سامنے آ رہی ہے جب بیشتر افریقی ممالک میں انفیکشن کی تیسری لہر جاری ہے۔ پیر کے روز جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے دولت مند ممالک کی جانب سے ویکسین کی ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اُن کے ملک میں حالیہ دنوں میں وائرس کے پھیلاؤ میں بہت تیزی دیکھی گئی مگر دوسری جانب ویکسین بڑی مقدار میں دستیاب نہیں ہے۔ مسٹر رامافوسا نے کہا کہ براعظم افریقہ کے ممالک کے لیے اب تک ویکسین کی صرف 40 ملین خوراکیں فراہم کی گئی ہیں اور یہ شرح آبادی کے تناسب سے دو فیصد سے بھی کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اُن کی حکومت کویکس کے ساتھ مل کر جنوبی افریقہ میں مزید ویکسین تیار کرنے کے لیے ایک علاقائی پروگرام پر کام کر رہی ہے۔ کوویکس کو گزشتہ سال اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا کہ دنیا بھر میں کووڈ 19 ویکسین کی خوراکیں دستیاب ہوں اور اس کے لیے امیر ممالک غریب ممالک کی مدد کی غرض سے ویکسین کی تیاری پر اٹھنے والے اخراجات پر سبسڈی دیتے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کی سربراہی میں قائم ہونے والی کوویکس نے ابتدائی طور پر 2021 کے آواخر تک دنیا بھر میں ویکسین کی دو ارب خوراکیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ ان میں سے بیشتر خوراکین غریب ممالک کو عطیہ کی جا رہی ہیں۔ کوویکس کو امید ہے کہ وہ ہر غریب ملک میں کم سے کم 20 فیصد آبادی کو ویکسین کرنے کے لیے خوراکیں فراہم کر سکے گی۔
تاہم ویکسین کی تقسیم میں مینوفیکچرنگ میں تاخیر اور رسد میں خلل کے باعث مسئلہ ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ غریب ممالک جو مکمل طور پر کوویکس کی جانب سے عطیہ کی جانے والی ویکسین پر انحصار کرتے ہیں وہاں اس کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ یوگینڈا، زمبابوے، بنگلہ دیش سمیت بہت سے ایسے ممالک ہیں جنہوں نے حالیہ دنوں میں ویکسین کی قلت کی اطلاع دی ہے۔