متنازع قانون سازی پر غور کےلئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی تشکیل دے دی

  • جمعرات 24 / جون / 2021
  • 4590

قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں کی مشاورت سے متنازع قانون سازی کے معاملے پر مشاورت کے لیے اسپیکر  نے کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی اپنے ٹرمز آف ریفرنسز (ٹی او آرز) کو حتمی شکل دے گی اور اپنی سفارشات اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کرے گی۔  کمیٹی میں حکومت کی جانب سے وزیردفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سمیت وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدا مرزا، وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کمیٹی میں اتحادی جماعتوں سے خالد مقبول صدیقی اور خالد مگسی بھی رکن ہیں۔

کمیٹی میں اپوزیشن سے شاہد خاقان عباسی، سردار ایاز صادق، رانا ثنا اللہ، شاہدہ اختر علی، نوید قمر، شازیہ مری اور آغا حسن بلوچ بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں قومی اسمبلی میں حکومت نے ایک ہی روز میں ریکارڈ قانون سازی کرتے ہوئے والدین کے تحفظ کا آرڈیننس، حقوق جائیداد برائے خواتین کا بل، وفاقی دارالحکومت میں رفاہی اداروں کی رجسٹریشن کے بل سمیت دس قوانین کثرت رائے سے منظور کرلیا تھا۔

حکومت کے اس اقدام پر اپوزیشن کی سخت تنقید پر اسپیکر قومی اسمبلی نے قانون سازی کے حوالے سے کمیٹی کے تشکیل دینے کا وعدہ کیا تھا۔ بعد ازاں بجٹ پر بحث کے دوران اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا تھا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی قانون سازی آئین اور قانون سے متصادم ہے۔ ان میں کئی قانونی سقم ہیں۔

شہباز شریف نے کہا تھا کہ ہم نے آواز اٹھائی لیکن توجہ نہیں دی گئی اور پھر سینیٹ میں جا کر اپوزیشن نے اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مخاطب کرکے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ کمیٹی بننی چاہیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا تھا کہ اس ضمن میں بات ہوچکی ہے۔ اس کی تحقیقاتی کمیٹی بنے گی جس میں دونوں بینچز کی جانب سے اراکین شامل ہوں گے اور قانون سازی کے عمل کا جائزہ لیں گے۔