دنیا پاکستان کو افغان مسئلے کا حل سمجھتی ہے: شاہ محمود قریشی
- جمعہ 25 / جون / 2021
- 6590
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے، جس کی کافی حد تک افغان حکومت بھی ذمہ دار ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان کو مسئلے کا حل سمجھتی ہے، مسئلے کی وجہ نہیں سمجھتی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان قیادت پاکستان کے بارے میں کچھ بھی کہتی رہے، امریکہ پاکستان کا افغان امن عمل میں مثبت کردار کا معترف ہے اور دنیا پاکستان کے کردار کو بھلا نہیں سکتی۔ اسلام آباد میں نیوزکانفرنس کے دوران انہوں کہا کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کی امن فوج کی تعیناتی ہمارے علم میں نہیں۔ ترکی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ کابل کے ہوائی اڈے پر سیکیورٹی ذمہ داریاں برقرار رکھے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ مکمل طور پر آگاہ ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں کیا کردار ادا کیا ہے۔ زلمے خلیل زاد نے پاکستان کا دورہ کیا اور دیکھا کہ پاکستان نے امن کے لیے خدمات سرانجام دیں اور مذاکرات کے لیے ہر ممکن تعاون کیا۔ ان کی اس حوالے سے امریکی حکام کے ساتھ ساتھ یورپی ممالک اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بات ہوئی ہے۔ پوری دنیا اس بارے میں پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کر رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تشدد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ افغان حکومت بھی اس کی کافی حد تک ذمہ دار ہے، پاکستان مستحکم اور پرامن افغانستان چاہتا ہے۔ افغانستان میں تشدد میں اضافے پر پاکستان کو تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن دشمنوں کی دو اقسام ہیں جن میں سے ایک افغانستان کے اندر اور ایک باہر ہیں۔ یہ لوگ افغانستان میں امن نہیں چاہتے۔
دوسری طرف تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کی امریکی صدر جو بائیڈن سے ہونے والی ملاقات میں افغان صدر امریکی حمایت جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ، انخلا کے بعد افغان فوج کے لئے ٹریننگ اور مالی امداد جاری رکھنے پر بھی زور دیں گے۔