کراچی سے را کا ایک بڑا اور خطرناک نیٹ ورک پکڑا گیا

  • سوموار 28 / جون / 2021
  • 8050

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی سے بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے ایک بہت بڑے اور خطرناک نیٹ ورک کو پکڑا گیا ہے جو ملک کو غیر مستحکم اور بڑے شہروں میں دہشت گردی کرنا چاہتا تھا۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس بارے میں فی الوقت تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں لیکن وہ بڑے شہروں میں اپنی طاقت دکھانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ سازشی گروہ کا تعلق لاہور دھماکے سے نہیں۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس میں بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لاہور دھماکے میں ملوث اور سہولت کاری فراہم کرنے والے ایک ملزم کے سوا تمام افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت بنے گی نہ تو وہاں پیپلز پارٹی کامیاب ہوسکتی ہے اور مسلم لیگ (ن) تو اس سے بھی کہیں پیچھے رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان 2 جولائی کے بعد راولہ کوٹ، میرپور اور مظفرآباد کے دورے پر جائیں گے اس دوران پی ٹی آئی کے انتخابی جلسوں سے اندازہ ہوجائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں اور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

بلاول بھٹو کی جانب سے وزیراعظم کو سیکیورٹی رسک قرار دینے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یہ بہت بڑا سانحہ ہے کہ سیاست دانوں کو  ذمہ داری کا احساس نہیں ہے۔ ملک میں جو بھی وزیراعظم رہا، اس کو سیکیورٹی رسک قرار دیا گیا۔ عمران خان نے جتنا کشمیر کا مقدمہ لڑا، کسی اور رہنما نے نہیں لڑا اور وہ مزید دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے۔