حکومت ہے ہی نہیں تو جائے گی کیا: آصف زرداری

  • منگل 29 / جون / 2021
  • 6890

پاکستان پیپلز پارٹی  کے معاون چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'حکومت ہے ہی نہیں تو چلی کیا جائے گی'۔

یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈان نیوز کے نمائندے نے سابق صدر سے سوال کیا کہ آپ نے کہا تھا کہ حکومت چلی جائے گی اب کیا صورتحال دیکھ رہے ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ حکومت تو ہے نہیں چلی کیا جائے گی؟ ہو تو جائے گی ناں یہ تو مانگے تانگے پر گھس گھسا کر نظام چلا رہے ہیں۔

افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال خطرناک ہے اس کے اثرات پاکستان پر آسکتے ہیں۔ اس حوالے سے ہمیں سوچنا بھی ہے اور اس پر نظر بھی رکھنی ہے۔

اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں پر پارلیمان کو اعتماد میں لینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو ضرور ہر معاملے پر اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔ خیال رہے کہ جنوری میں سابق صدر آصف علی زرداری نے بیان دیا تھا کہ ملک کی سیاست کے مستقبل کے لیے اگلے کچھ ماہ بہت اہم ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت گھر جائے کیونکہ اس کی نااہلی اور نا تجربہ کاری ملک کو بڑے بحران سے دوچار کرسکتی ہے۔ سابق صدر نے کہا تھا کہ ’یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے ہی وزن کے ساتھ گر جائیں گے بس انہیں آخری دھکے کی ضرورت ہے‘۔