کینیڈا اور امریکہ میں گرمی کی شدید لہر، درجنوں افراد ہلاک

  • بدھ 30 / جون / 2021
  • 7290

کینیڈا کے شہر وینکوور میں حالیہ دنوں میں گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔ اب شمالی امریکہ کے علاقے گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

امریکہ کی شمالی ریاستوں کی طرح رواں برس کینیڈا میں وینکوور کا علاقہ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ وینکوور شہر کے محکمہ پولیس اور رائل کینیڈین پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جمعے سے اب تک کم از کم 134 افراد اچانک ہلاک ہو چکے ہیں۔

وینکوور محکمہ پولیس نے کہا ہے کہ جمعے سے اب تک محکمے نے اچانک ہلاک ہونے والے 69 سے زیادہ افراد کی تدفین کے سلسلے میں لواحقین کو مدد فراہم کی ہے۔  حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں لو لگنے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر عمر رسیدہ افراد ہیں جنہیں کئی قسم کے عارضے لاحق تھے۔ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے وینکوور میں کئی ہنگامی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق کینیڈا میں منگل کو گرمی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے جب لٹن اور برٹش کولمبیا میں درجہ حرارت 49.5 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ کئی علاقے اب تک گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں ہیں۔ 'فرانس 24 چینل' اور اے ایف پی  نے بتایا ہے کہ وینکوور کے برنابی اور سرے کے مضافاتی علاقے گرمی کی لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق لو کی وجہ سے گھر سے باہر نکلنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔ متعدد علاقوں میں گرمی ناقابل برداشت ہے۔ 'اے ایف پی' کے مطابق برٹش کولمبیا کے پریمیئر جان ہورگن نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گرم ترین ہفتہ ہے۔  برٹش کولمبیا میں اتنی شدید گرمی کبھی نہیں پڑی۔

کینیڈا کے محکمۂ موسمیات نے برٹش کولمبیا، البرٹا، منی ٹوبا، یکون اور شمال مغربی علاقہ جات کے لے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کافی دنوں تک جاری رہنے والی سخت گرمی کی خطرناک اور تاریخی لہر کا سامنا ہے۔

سخت گرمی کی لہر کے باعث وینکوور کے اسکول اور کووڈ 19 کی ویکسین لگانے کے مراکز بند کردیے گئے ہیں۔ اہلکاروں نے سڑکوں کے چوراہوں پر پانی کے عارضی فوارے اور 'مسٹنگ اسٹیشنز' لگانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ وینکوور کے اسٹوروں پر اب پورٹیبل ایئر کنڈیشنر اور بجلی کے پنکھے دستیاب نہیں رہے۔ اس لیے کئی گھروں کو ٹھنڈا رکھنے کا بندوبست نہیں کیا جا سکتا۔ بہت سے لوگوں نے رات اپنی ایئر کنڈیشنڈ گاڑیوں میں بیٹھ کر گزاری۔

ادھر امریکہ کی ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل میں مقیم ایک شخص نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ہم کسی ریگستان میں رہ رہے ہیں۔  موسمیات کے قومی امریکی ادارے کے مطابق پورٹ لینڈ میں درجہ حرارت 46.1 سینٹی گریڈ جب کہ سیاٹل میں 42.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔